اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم سمیت ملک کے دیگر مراکز کو جدید طرز پر ڈھالنے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے تاکہ وہ مستقبل میں انٹرنیشنل کرکٹ کے ساتھ ہی پاکستان سپر لیگ کیلئے بھی موزوں سنٹرز ثابت ہو سکیں۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بورڈ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی تزئین و آرائش پر تین سالہ عرصے میں ایک بلین روپے کی خطیر رقم خرچ کرے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ نجم سیٹھی نے اس بات کی نشاندہی کی تھی کہ وہ پی ایس ایل کے کم و بیش نصف میچز پاکستان میں کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس کیلئے انہوں نے حیدرآباد کے نیاز سٹیڈیم،ملتان کرکٹ سٹیڈیم اور پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے علاوہ پشاور کے ارباب نیاز سٹیڈیم کو بھی ممکنہ وینیوز قرار دیا تھا۔ واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سے اضافی سرمایہ کاری کا اصل مقصد انفرا سٹرکچر کو بہترین بنانے کی کوشش ہے تاکہ ان پہلوؤں پر کام کر کے مزید انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان لائی جا سکے ۔ نجم سیٹھی کے مطابق حالیہ برسوں کے دوران ورلڈ الیون،سری لنکا ،زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کیخلاف میچز لاہور اور کراچی تک محدود رہے لیکن مستقبل میں وہ پی ایس ایل کے علاوہ انٹرنیشنل میچوں کا انعقاد راولپنڈی اور ملتان میں بھی کرنا چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان دو سٹیڈیمز پر بھاری سرمایہ خرچ کیا جا رہا ہے ۔