کھٹمنڈو(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کے شاہ حسین شاہ اور قیصر خان کے سونے کے تمغوں کی بدولت ساؤتھ ایشین جوڈو چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر 4 تمغے جیت لیے۔ہفتہ کو نیپال میں شروع ہونے والی چیمپیئن شپ کے ابتدائی روز پاکستانی جوڈوکاز نے مختلف کیٹگریز کے مقابلوں میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو طلائی اور دو چاندی کے تمغے جیتے۔پاکستانی جوڈوکا قیصر خان نے مائنس 90 کلوگرام کیٹگری کے پہلے راؤنڈ میں روایتی حریف بھارتی کھلاڑی کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔فائنل فور مقابلے میں انہوں نے سری لنکن کھلاڑی کو زیر کر کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا اور فیصلہ کن معرکے میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے میزبان نیپال کے کھلاڑی کو شکست فاش سے دوچار کر کے طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔
مینز 100 پلس کیٹیگری میں سابق مایہ ناز باکسر حسین شاہ کے بیٹے پاکستان کے اسٹار جوڈوکا شاہ حسین شاہ نے ابتدائی راؤنڈ میں بھارتی کھلاڑی کو زیر کر کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔سیمی فائنل میں انہوں نے نیپالی کھلاڑی کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی اور فائنل میں سری لنکن کھلاڑی کو مات دے کر طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کر کے پاکستان کو دوسرا سونے کا تمغہ جتا دیا۔دوسری جانب پاکستان کی حمیرا عاشق اور مریم نے خواتین کی مائنس 48 اور مائنس 52 کلوگرام کیٹیگریز میں چاندی کے تمغے جیتے، دونوں کھلاڑیوں کو فائنلز میں بھارتی کھلاڑیوں کے ہاتھوں شکست ہوئی۔تین روزہ جوڈو چیمپیئن شپ میں پاکستان کے علاوہ میزبان نیپال، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور بھوٹان کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جہاں ایونٹ میں پاکستان کے 6 مرد اور 5 خواتین جوڈوکاز حصہ لے رہی ہیں۔مرد کھلاڑیوں میں شاہ حسین شاہ، قیصر خان، مدثر علی، محمد عباس، بابر حسین اور ندیم اکرم جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں حمیرا عاشق، مریم، شمائیلہ گل، عاصمہ بانو اور بینش خان شامل ہیں۔