لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ ٹیم اتوار کی شب فاسٹ بولر محمد عامر کے بغیر انگلینڈ اور آئرلینڈ کے دورے پر روانہ ہوگئی۔لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سےروانہ ہونے والے کھلاڑیوں میں اظہر علی، امام الحق، سمیع اسلم، حارث سہیل، بابر اعظم، فخر زمان، سعد علی، اسد شفیق، اسامہ صلاح الدین، شاداب خان، حسن علی، راحت علی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔فاسٹ باؤلر محمد عباس پہلے ہی انگلینڈ میں موجود ہیں جبکہ فاسٹ بولر محمد عامر کو تاحال انگلینڈ کا ویزا نہیں مل سکا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ محمد عامر بدھ تک لندن روانہ ہوکر ٹیم کو جوائن کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر کی اہلیہ بر طانوی نژاد ہیں اور محمد عامر نے برطانیہ کی شہریت کی درخواست بھی دے رکھی ہے، اس لیے برطانوی ہائی کمیشن نے پاکستان ٹیم کو ویزے جاری کردیئے، لیکن عامر کو ویزہ جاری نہ ہوسکا۔پی سی بی پُر امید ہے کہ محمد عامر کو اگلے دو دن میں ویزہ مل جائے گا، جس کے بعد وہ سفر کرسکیں گے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ پہلی بار نئے غیر ملکی فزیو کلف ڈکسن بھی بر طانیہ گئے ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ کھیلے گی جس کا آغاز 11 مئی سے ہوگا۔ ٹیسٹ اسٹیٹس ملنے کے بعد آئرلینڈ کی کرکٹ تاریخ کا یہ پہلا ٹیسٹ میچ ہوگا۔آئرلینڈ کے بعد پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی، جو 24 مئی اور یکم جون کو کھیلے جائیں گے۔قومی کرکٹ ٹیم کے دورے کے آخر میں پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے مابین 12 اور 13 جون کو 2 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی ہوں گے۔