اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ میں قومی ٹیم کے بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا رہے گا۔نیشنل ہائی ویز اور موٹر ویز پولیس کی جانب سے روڈ سیمینار ہوا جس میں راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ وہ 2004 میں موٹر سائیکل سے گرے تو اندازہ ہوا کہ ہیلمٹ پہننا کتنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سڑکوں اور موٹروے پولیس کے لحاظ سے پڑوسی ممالک سے بہت بہتر ہے لیکن 2017 میں 92 حادثات میں سے 63 اموات ہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ سے ہوئیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورے کے حوالے سے شعیب اختر نے کہا کہ دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ میں بیٹسمینوں کو مشکلات کا سامنا رہے گا کیوں کہ کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے لیے 15 روز لگ جاتے ہیں لیکن امید ہے پاکستانی ٹیم اچھا کھیل پیش کرے گی۔یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں آئرلینڈ کے خلاف ایک اور انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔قومی کرکٹ ٹیم کا آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ 11 مئی سے ڈبلن کے میدان میں کھیلا جائے گا۔