اگر ٹیم میں جگہ بنانی ہے تو۔۔مالنگا کو بورڈ کی وارننگ

کولمبو(سپورٹس لنک رپورٹ)انڈین پریمیئرلیگ، سری لنکن فاسٹ بولرلیستھ مالنگا کے انٹرنیشنل کیریئر کیلئے خطرہ بن گئی ہے جہاں وہ کھلاڑی کے بجائے بولنگ مینٹور کے طور پر ممبئی انڈینز کے ساتھ کام کررہے ہیں۔اس صورتحال سے سری لنکن کرکٹ بورڈ اور ٹیم انتظامیہ خوش نہیں ہے۔سری لنکن سلیکٹرزنے اپنے فاسٹ بولر لیستھ مالنگاکو خبردارکیاہے کہ وہ آئی پی ایل میں ممبئی انڈینزکے طورپر بولنگ مینٹور کے طورپر کام کرکے اپنا وقت ضائع کررہے ہیں۔ انہیں اگر سری لنکن ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانی ہے تو ڈومیسٹک میچوں میں حصہ لینا چاہیے۔واضح رہے کہ آئی پی ایل2018 میں لیستھ مالنگاکو بطور کھلاڑی کسی فرنچائزڈ نے منتخب نہیں کیاتھا ۔بعدازاں ممبئی انڈینز نے انہیں بطور بولنگ مینٹور اپنے ساتھ منسلک کیا۔لیستھ مالنگاکو سری لنکا کے بین الصوبائی ون ڈے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں منتخب کیا گیاہے تاہم انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں واضح کہاہے کہ آئی پی ایل ختم ہونے تک وہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکتے۔اپنے ویڈیو پیغام میں لیستھ مالنگا نے کہاہے کہ وہ جولائی میں جنوبی افریقہ کے خلا ف ہوم سیریزمیں سری لنکن ٹیم میں کم بیک کرنے کیلئے پرعزم ہیں ۔دوسری جانب، سری لنکا کرکٹ کے صدر تھلنگا سماتھی پالا نے واضح کیا ہے کہ اگر لیستھ مالنگا ڈومیسٹک میچز نہیں کھیلتے تو سلیکٹرزکو ان کے بارے میں کوئی ایک فیصلہ کرنا ہوگا۔سماتھی پالا نے اس حوالے سے کہاہے کہ مجھے یقین ہے کہ ہم لیستھ مالنگاکا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں بخوبی استعمال کرسکتے ہیں اور اگر وہ آئی پی ایل میں بطور کھلاڑی کھیل رہے ہوتے تو ہمیں کوئی فکر نہیں تھی لیکن مسئلہ یہ ہے کہ وہ وہاں کھیلنے کے بجائے بنچ پر بیٹھ کر میچز دیکھ رہے ہیں ۔

 

تعارف: newseditor