ثنا میر ’دہائی کی ویمن ٹیم‘ کی کپتان مقرر

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)دنیائے کرکٹ کے معروف جریدے ’’وزڈن‘‘ نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر اور سابق کپتان ثنا میر کو ’دہائی کی ویمن ٹیم‘ کی کپتان مقرر کیا ہے۔کرکٹ کے بائبل کہلانے والے عالمی جریدے نے ثناء میر کو نہ صرف اس دہائی کی ویمن ٹیم (women’s team of the decade) میں شامل کیا بلکہ انہیں اس ٹیم کی قیادت بھی سونپی ہے۔وزڈن کی ٹیم ثناء میر کے علاوہ کوئی اور پاکستانی خاتون کرکٹر کو شامل نہیں کیا گیا ہے، ٹیم میں انگلینڈ کی سب سے زیادہ تین، آسٹریلیا اور بھارت کی دو، دو جبکہ نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کی ایک، ایک کھلاڑی شامل ہے۔

ان کھلاڑیوں کو 2010 سے لے کر اب تک کی 10 سالہ کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ثناء میر نے سوشل میڈیا پر پیغام میں دنیا کی بہترین کرکٹرز کے ساتھ وزڈن ٹیم میں شمولیت کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ وہ جب پاکستان کا پرچم تھامتی ہیں تو ان کا دل فخر سے جھوم اٹھتا ہے۔واضح رہے کہ ثناء میر کوکرکٹ میں اُن کی نمایاں خدمات پر ’ایشین گیم چینجر ایوارڈ‘ سے نوازا گیا تھا۔

امریکا میں ہونے والی تقریب میں ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد ثناء میر نے علامہ اقبال کی نظم کا مصرعہ ’زندگی شمع کی صورت ہو خدایا میری‘ بھی پڑھا اور کہا کہ وہ یہ ایوارڈ ان لوگوں کے نام کرتی ہیں جنہوں نے جنگ ہی دیکھی ہے۔ثناء میر نے 120 ایک روزہ اور 106 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی ہے اور بالترتیب 151 اور 89 وکٹیں حاصل کرچکی ہیں۔ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اُن کے رنز کی تعداد ایک ہزار 630 اور ٹی ٹوئنٹی میں 802 ہے جبکہ دونوں فارمیٹ میں اُن کا بہترین اسکور بالترتیب 52 اور 48 ناٹ آؤٹ ہے۔وہ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 100 وکٹیں حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر بھی ہیں۔



error: Content is protected !!