پاکستان شاہینز کی روحیل نذیر کی قیادت میں آسٹریلیا روانگی ۔

 

 

پاکستان شاہینز کی روحیل نذیر کی قیادت میں آسٹریلیا روانگی ۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے علاوہ دو ون ڈے میچ بھی کھیلے گی

لاہور 26 جولائی، 2023:

روحیل نذیر کی قیادت میں پاکستان شاہینز بدھ کی علی الصبح آسٹریلیا روانہ ہوگئی جہاں وہ ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے علاوہ پچاس اوورز کے دو ون ڈے میچ بھی کھیلے گی۔

 

ان میچوں کا 30 جولائی سے 9 اگست تک انعقاد ڈارون میں ناردن ٹیریٹری کرکٹ ( این ٹی سی ) نے کیا ہے۔

چھ ٹیموں کی اس ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان شاہینز کے علاوہ آسٹریلین کیپٹل ٹیریٹری کی اے سی ٹی کامیٹس۔ میلبرن اسٹارز۔ میلبرن رینی گیڈز ۔ پاپوا نیوگنی اور این ٹی اسٹرائیک کی ٹیمیں حصہ لیں گی جس میں دو ٹاپ ٹیمیں فائنل میں جگہ بنائیں گی۔

پاکستان شاہینز ان ٹی ٹوئنٹی میچوں کے علاوہ پاپوا نیوگنی اور این ٹی اسٹرائیک کے خلاف8 اور9 اگست کو پچاس اوورز کے دو ون ڈے میچز بھی کھیلے گی۔

 

21 سالہ روحیل نذیر ماضی میں دسمبر 2020 میں پاکستان شاہینز کے دورۂ نیوزی لینڈ میں بھی قیادت کرچکے ہیں۔ وہ زمبابوے کے گزشتہ دورے میں بھی پاکستان شاہینز کا حصہ تھے جس نے دو چار روزہ اور چھ ون ڈے میچ کھیلے تھے۔

روحیل نذیر2018 اور 2020کے انڈر19 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان انڈر19 ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔انہیں چار ایسے کھلاڑیوں کی خدمات بھی حاصل ہوں گی جو اس سے قبل انڈر19 ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں ان میں احمد خان ( 2022) علی اسفند ( 2022) عرفان خان ( 2020اور 2022) اور ذیشان ضمیر ( 2022) شامل ہیں۔

 

ان چار کھلاڑیوں کے علاوہ عامر حسن۔ عرفات منہاس۔ آزان اویس ۔ سجاد علی۔ شامل حسین اور وہاج ریاض اس سال پاکستان انڈر19 کے ساتھ بنگلہ دیش کا دورہ کرچکے ہیں۔

روحیل نذیر جو ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز کے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل تھے پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کی طرف سے ایمرجنگ ایشیا کپ جیتنے والی پاکستان شاہینز کو مبارکباد۔ لاہور میں منعقدہ کیمپ میں تمام کھلاڑیوں نے بہت محنت کی تھی جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔

روحیل نذیر کا کہنا ہے کہ پاکستان شاہینز کی قیادت ان کے لیے بہت بڑا موقع ہے۔ وہ ماضی میں بھی پاکستان شاہینز کی کپتانی اور نمائندگی کرچکے ہیں۔وہ آسٹریلیا میں ٹیم کی قیادت پر ُپرجوش ہیں جہاں وہ اس سے قبل بھی کھیل چکے ہیں۔ وہ اس ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں کے ساتھ پہلے بھی کھیل چکے ہیں جن میں سے چند ایک میرے شہر اسلام آباد سے تعلق رکھتے ہیں۔

روحیل نذیر کے مطابق ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے آسٹریلیا میں کھیلنا ایک بڑا موقع ہے اور اس طرح کے ٹورنامنٹس سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔ خود ان کے لیے یہ موقع ہے کہ وہ پرفارم کرکے اس سال آسٹریلیا میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش کریں۔

پاکستان شاہینز ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ روحیل نذیر ( کپتان ) آلیان محمود۔ احمد خان۔ علی اسفند۔ عامر حسن ۔ عرفات منہاس۔ آزان اویس۔ باسط علی۔ فیصل اکرم۔ سجاد علی۔ عرفان خان۔ شامل حسین ۔ شاویز عرفان۔ ذیشان ضمیر اور وہاج ریاض۔

سپورٹ اسٹاف۔ محمد مسرور ( ہیڈ کوچ ، منیجر) حنیف ملک ( بیٹنگ اور فیلڈنگ کوچ ) عمر رشید ( بولنگ کوچ ) امتیاز خان ( فزیوتھراپسٹ) ۔

 

دورے کا شیڈول ۔
30 جولائی۔ بمقابلہ این ٹی اسٹرائیک۔ ( ٹی ٹوئنٹی )
31جولائی ۔ بمقابلہ اے سی ٹی کامیٹس ( ٹی ٹوئنٹی )
یکم اگست ۔ بمقابلہ میلبرن رینی گیڈز ( ٹی ٹوئنٹی )
2اگست ۔ بمقابلہ میلبرن اسٹارز ( ٹی ٹوئنٹی )
4 اگست ۔ بمقابلہ پاپوا نیو گنی ( ٹی ٹوئنٹی )
6 اگست ۔ فائنل۔
8 اگست بمقابلہ پاپوا نیو گنی ( پچاس اوورز )
9 اگست ۔ این ٹی اسٹرائیک ( پچاس اوورز)

 

 

error: Content is protected !!