کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) پانچواں نیا ناظم آباد رمضان کپ فلڈ لٹ ٹی ٹوئنٹی کلر کٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں عمر ایسوسی ایٹس نے باآسانی سندھ پولیس کو 80رنز سے قابو کرکے سیمی فائنل میں اپنی نشست کو محفوظ بنایا جہاں ان کا مقابلہ آج (ہفتہ) سوئی سدرن گیس کمپنی سے ہوگا۔فاتح ٹیم کے عمر اکمل کو 8چوکوں اور4چھکوں کی مدد سے بنائے جانے والے 78رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ مہمان خصوصی حاجی عثمان غنی، چیئرمین العباس گروپ نے پیش کیا۔ اس موقع پرندیم عمر، صدر کے سی سی اے ، عمر شاہد، ایس ایس پی ویسٹ، سید محمد طلحہ، سی ایف او ، جاویداں کارپوریشن بھی موجود تھے۔نیا ناظم آباد کے لوائی اسٹیڈیم پر عمر ایسوسی ایٹس نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور مقررہ 20اوورز میں 7وکٹوں پر 195رنز کا بھاری بھرکم مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔عمر ایسوسی ایٹس کا آغاز اچھا نہ تھا ۔اوپنر سمیع الرحمن ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ لیکن عمر اکمل اور عثمان خان نے دوسری وکٹ پر 55رنز جوڑ کر ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا۔عمر اکمل نے 78رنز کی جارحانہ اننگز میں 8چوکے اور 4چھکے لگائے۔خوشدل شاہ کے 41رنز 4چوکے اور2چھکوںکی بدولت بنے۔ انور علی کے 19رنز میں 2چھکے شامل تھے۔ عثمان خان کے 16رنز میں ایک چھکا اور ایک چوکا جبکہ دانش عزیز نے 13رنز میں ایک چھکا لگایا۔رضا الحسن نے 35رنز اور علی اصغر نے 36رنز کے عوض 2,2وکٹیں اپنے نام کیں۔ابتسام شیخ، فاروق حسن اور آغاصابر نے ایک ایک وکٹ پر اکتفا کیا۔سندھ پولیس کی جوابی اننگز 18اوورز میں تمام ہوگئی جب پوری ٹیم 115رنز کے اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔ ذیشان جمیل 5چوکے اور ایک چھکا لگا کر 35رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر بنے۔ شہر یار غنی نے 22رنز میں 4چوکے لگائے۔ دیگر کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔ محمد اصغر نے 12رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا پروانہ تھمایا۔ محمد نواز کو 3وکٹیں 24رنز کے عوض حاصل ہوئیں۔ آصف علی اور سعد نسیم کے ہاتھ ایک ایک وکٹ لگی۔