رونالڈو نے یہ کیا کردیا؟

ماسکو(سپورٹس لنک رپورٹ)فیفا ورلڈ کپ 2018 کے ابتدائی دو گروپس اے اور بی کے تمام میچوں کا اختتام ہو گیا ہے جس میں سے دو، دو ٹیموں نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔گروپ اے سے یوروگوائے اور روس جبکہ گروپ بی سے سنسنی خیز مقابلوں کے بعد سپین اور پرتگال نے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی ہے۔پیر کو کھیلے جانے والے گروپ بی کے دونوں ہی آخری میچ برابر رہے، تاہم گروپ اے سے سعودی عرب نے مصر کو اور یوروگوائے نے میزبان روس کو شکست دی۔پرتگال اور ایران کے درمیان کھیلے گئے میچ کا اختتام تو ایک، ایک گول سے ہوا لیکن میچ کے آخری لمحات میں ایران اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کے انتہائی قریب آگیا تھا۔میچ کے پہلے ہال کے 45 ویں منٹ میں پرتگال کی جانب سے ریکارڈو کریزما نے گول کیا جبکہ میچ کے دوسرے ہالف کے اضافی وقت میں ایران کی جانب سے کریم نے پینلٹی پر گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ایران جس نے اس ورلڈ کپ مقابلوں میں پہلے مراکش کو شکست دی اور پھر سپین کے خلاف عمدہ کھیل پیش کر کے سب کو حیران کیا، آج بھی اس کی ٹیم اچھا کھیلی اور پرتگال کے خلاف آخری لمحات میں پینلٹی پر گول کر کے میچ کو برابری پر ختم کرنے میں کامیاب رہی۔

رونالڈو بھی پینلٹی پر گول نہ کر سکے

اس میچ کی خاص بات کرسٹیانو رونالڈو کا پینلٹی پر گول نہ کرنا تھی۔ پرتگال کو میچ میں ایک، صفر سے برتری حاصل تھی کہ اسے پینلٹی کی صورت میں دوسرا گول کرنے کا موقع ملا جو رونالڈو نے ضائع کر دیا۔کرسٹیانو رونالڈو اس ورلڈ کپ میں اب تک پینلٹی ضائع کرنے والے واحد کھلاڑی نہیں ہیں، اب تک کل پانچ پینلٹیز ضائع کی جا چکی ہیں جن میں ارجنٹینا کے سٹار کھلاڑی لیونل میسی بھی شامل ہیں۔

error: Content is protected !!