پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ویمنز ٹی ٹوئنٹی سیریز کل سے شروع

 

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ویمنز ٹی ٹوئنٹی سیریز کل سے شروع

ڈنیڈن 2 دسمبر، 2023:

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کل سے شروع ہورہی ہے۔ پہلا میچ ڈنیڈن میں یونیورسٹی آف اوٹاگو اوول میں کھیلا جائے گا۔دوسرا میچ بھی منگل کے روز اسی گراؤنڈ میں ہوگا جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سرجان ڈیوس اوول کوئنز ٹاؤن میں 9 دسمبر کو ہوگا۔
تینوں میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہونگے۔

اس دورے میں پاکستان ویمنز ٹیم نیوزی لینڈ ویمنز کے خلاف بارہ سے اٹھارہ دسمبر کے دوران تین ون ڈے انٹرنیشنل بھی کھیلے گی جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہونگے۔

نیوزی لینڈ کے اس دورے میں پاکستان ویمنز ٹیم نے ٹریننگ سیشن کے علاوہ کرائسٹ چرچ میں دو پریکٹس میچ بھی کھیلے ہیں۔

نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ویمنز ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے تمام آٹھ میچوں میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی ہے۔

پاکستان کی دو لیفٹ آرم اسپنرز نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی عالمی رینکنگ میں بالترتیب پانچویں اور ساتویں نمبر پر ہیں اور یہ دونوں اس دورے میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پرامید ہیں۔نشرہ سندھو کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی نصف سنچری مکمل کرنے کے لیے ایک میچ درکار ہے۔کپتان ندا ڈار آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی کی آل راؤنڈر کیٹگری میں پانچویں رینکنگ میں ہیں۔

ندا ڈار نے سیریز شروع ہونے سے قبل پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ ایک زبردست ٹیم ہےاور اپنی بہترین کرکٹ کے لیے مشہور ہے لیکن ہم یہاں مقابلہ کرنے آئے ہیں اور مجھے اپنی کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے جو اس سیریز میں اچھی کارکردگی دکھاسکتی ہیں۔

ندا ڈار کا کہنا ہے کہ اس سیریز میں ہماری کھلاڑیوں کے لیے اچھا موقع ہے کہ وہ دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک کے خلاف اچھی پرفارمنس دیں حالیہ دنوں میں کئی نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دیے گئے ہیں اس سال پانچ کھلاڑیوں نے اپنے کریئر کا آغاز کیا ہے

جو اس دورے میں ٹیم کا حصہ ہیں۔ہم آئندہ سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو دیکھ رہے ہیں اور اس سے قبل ہمیں نو میچز کھیلنے ہیں اس سیریز سے ہمیں اپنا کامبی نیشن تیار کرنے میں مدد ملے گی۔

اس سیریز سے ہمیں اپنی اسٹرینتھ کا جائزہ لینے اور مختلف شعبوں میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔یہ تمام کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک اہم تجربہ ہے اور مجھے یقین ہے کہ کھلاڑیوں کو پریکٹس میچز اور ٹریننگ سیشنز کے بعد یہاں کی کنڈیشنز کا اندازہ ہوچکا ہے۔

پاکستان ویمز اسکواڈ ۔
ندا ڈار ( کپتان ) عالیہ ریاض۔ بسمہ معروف۔ ڈیانا بیگ ۔ فاطمہ ثنا۔ غلام فاطمہ ۔ منیبہ علی ( وکٹ کیپر ) نجیہہ علوی ( وکٹ کیپر ) نشرہ سندھو۔ نتالیہ پرویز۔ عمیمہ سہیل۔ صدف شمس ۔ سعدیہ اقبال ۔ شوال ذوالفقار۔ سدرہ امین ۔ام ہانی اور وحیدہ اختر۔

سیریز کا شیڈول ۔
3 دسمبر۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ ڈنیڈن ۔ ( دوپہر ایک بجے مقامی وقت ) ۔
5 دسمبر ۔ دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ ڈنیڈن۔ ( دوپہر ایک بجے مقامی وقت )
9 دسمبر ۔ تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ کوئنز ٹاؤن۔( دوپہر ایک بجے مقامی وقت )
12 دسمبر ۔ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ کوئنز ٹاؤن۔ ( گیارہ بجے صبح مقامی وقت )
15 دسمبر۔ دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ کرائسٹ چرچ۔( دوپہر دو بجے مقامی وقت )
18 دسمبر ۔ تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ کرائسٹ چرچ۔( دوپہر دو بجے مقامی وقت )
( ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے)

 

 

 

error: Content is protected !!