پاکستان کرکٹ بورڈ کیویز کو پاکستان لانے کیلئےکوشاں

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)چیئرمین پی سی بی کیویز کو پاکستان لانے پر کمر بستہ ہیں اگرچہ دوسری جانب سے تاحال کوئی مثبت اشارہ نہیں مل سکا ہے ،نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کیخلاف رواں سال اکتوبر میں تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور تین ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آغاز کرے گی،نجم سیٹھی کی کوشش ہے کہ مہمان ٹیم کو ایک،دو میچوں کیلئے پاکستانی سرزمین پر آنے کیلئے آمادہ کرلیا جائے تاہم کیوی کرکٹ کے آفیشلز اپنے کھلاڑیوں کو آمادہ نہیں کر سکے جو یو اے ای میں ہی کھیلنا چاہتے ہیں،ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام ہمت ہارے بغیر حریفوں سے موثر بات چیت میں مصروف ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں سال نیوزی لینڈ کی میزبانی کی کوششیں تیز کردی ہیں تاہم مہمان ٹیم کی جانب سے ابھی تک کوئی مثبت اشارہ نہیں ملا ہے اور کیوی کرکٹ حکام آزاد سیکیورٹی اداروں کی جانب سے رپورٹس کے منتظر ہیں جنہوں نے اپنے کھلاڑیوں سے بھی اس بابت گفت و شنید کی لیکن بیشتر کا خیال ہے کہ وہ یو اے ای میں شیڈول سیریز سے ہی مطمئن ہیں۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق کیوی ٹیم کو پاکستان لانے کیلئے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کافی حد تک پرجوش ہیں جن کو امید ہے کہ وہ مہمان ٹیم کو کم از کم ایک،دو میچوں کیلئے پاکستان لانے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔ واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ،تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز رواں سال اکتوبر میں متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں شروع ہو گی جس کیلئے کرکٹ نیوزی لینڈ نے اپنے اسکواڈز کا بھی اعلان کردیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی اے ٹیم کا بھی اعلان ہوچکا ہے جو پاکستان اے کیخلاف سیریز کھیلے گی۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو پیغام دیا ہے کہ وہ اپنے تمام میچز یو اے ای میں ہی کھیلنا چاہتے ہیں لیکن اس کے باوجود پی سی بی حکام کی بھرپور کوشش ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ایک،دو میچز کیلئے ہی پاکستانی سرزمین پر آکر کھیلنے کیلئے آمادہ کرلیا جائے تاکہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سلسلہ جاری رہے۔ اگرچہ اس معاملے پر اپنے پلیئرز سے بات چیت کرنے والے کیوی حکام کو کوئی خاص کامیابی نہیں مل سکی جس کی وجہ سے اس نے کوئی مثبت اشارہ بھی نہیں دیا لیکن نجم سیٹھی نے اس کے باوجود ہمت نہیں ہاری ہے اور انہوں نے حریف کرکٹ بورڈ سے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔

error: Content is protected !!