ہنزہ سے تعلق رکھنے والی 2 بہنوں کا کارنامہ، لڑکیوں کے فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد

ہنزہ (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہی ہیں، ایسے میں خوبصورت وادی ہنزہ کی لڑکیوں نے بھی فٹبال ٹورنامنٹ کھیلا اور خوب داد سمیٹی۔یہ ٹورنا منٹ ہنزہ سے تعلق رکھنے والی دو بہنوں سمیرا عنایت اور کرشمہ عنایت نے منعقد کروایا، جو اپنے والدین کے ساتھ لاہور میں مقیم ہیں اور پاکستان کی خواتین فت بال ٹیم میں کھیلتی ہیں۔لڑکیوں کا فٹ بال ٹورنامنٹ 5 دن تک جاری رہا جس میں 8 ٹیموں نے شرکت کی اور مجموعی طور پر 100 سے زائد لڑکیوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

حالانکہ وادی ہنزہ میں فٹ بال کھیلنے کے لیے کوئی گراؤنڈ میسر نہیں لیکن اس کے باوجود فٹبال کی شوقین لڑکیاں گردوغبار اور پتھریلے میدان میں کھیلنے پہنچ گئیں۔فٹ بال ٹورنامنٹ دیکھنے کے لیے متعدد خواتین کے ساتھ مرد حضرات بھی پہنچے اور کھلاڑیوں کی خوب حوصلہ افزائی کی۔کامیاب ہونے والی ٹیموں اور بہترین کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔واضح رہے کہ دونوں بہنیں پاکستانی لڑکیوں کو کھیل کے میدان میں آگے لانا چاہتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ چھٹیوں میں بھی دونوں اپنے آبائی گاؤں کی لڑکیوں کو فٹ بال سکھاتی ہیں۔

error: Content is protected !!