برمنگھم (سپورٹس لنک رپورٹ)برمنگھم ٹیسٹ میں انگلینڈ نے انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو 31 رنز سے شکست دے دی۔برمنگھم ٹیسٹ میں انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری بھارتی ٹیم 162 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔بین اسٹوکس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا جب کہ جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ کے حصے میں بھی دو، دو وکٹیں آئیں۔پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے انگلش بالرز کے سامنے مزاحمت کی اور 51 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ ہاردک پانڈیا 31 اور دنیش کارتک 20 رنز بنا سکے۔
انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں مہمان ٹیم 287 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ 80 اور جونی بیئراسٹو 70 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشون نے 4 اور محمد شامی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں ویرات کوہلی کے شاندار 149 رنز کی بدولت 274 رنز بنائے۔بھارتی کپتان کے علاوہ کوئی بھی سورما انگلش بالرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا۔انگلینڈ کی جانب سے سیم کرن نے 4 اور عادل راشد اور بین اسٹوکس نے 2، 2 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔پہلی اننگز میں 13 رنز کی سبقت کے بعد انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 180 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور اس طرح مہمان ٹیم نے بھارت کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا۔لیکن بھارتی ٹیم انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے ہدف سے 31 رنز کی دوری پر ہمت ہار گئی اور اس طرح 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی۔