واشنگٹن(سپورٹس لنک رپورٹ) سٹار برطانوی کھلاڑی اور سابق عالمی نمبر ایک اینڈی مرے فٹنس مسائل کے باعث سٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کوارٹر فائنل اور آئندہ ہفتے شیڈول راجرز کپ ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئے۔ سٹی اوپن پری کوارٹر فائنل میں رومانوی کھلاڑی ماریس کوپل کے خلاف فتح کے بعد مرے کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے، انہوں نے کہا کہ 18 ماہ بعد ہارڈ کورٹس پر کھیلنے کی وجہ سے تھکاوٹ کے ساتھ ساتھ میں بہت کمزوری محسوس کر رہا ہوں اسلئے میں نے کوارٹر فائنل اور آئندہ ہفتے شیڈول راجرز کپ ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ مجھے بہت احتیاط کی ضرورت ہے اسلئے اب میری تمام تر توجہ سنسناٹی ماسٹرز ٹورنامنٹ پر مرکوز ہے اور سو فیصد فٹ ہونے کی صورت میں ہی ایونٹ میں حصہ لوں گا۔