سرفراز احمد کترینہ کے ساتھ ہیرو آنے کے خواہشمند

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بالی وڈ اداکار سلمان خان کی 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دبنگ‘ جیسا کردار کرنے کے خواہشمند ہیں۔سرفراز احمد نے نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے کئی دلچسپ سوالوں کے جواب بھی دیئے۔پروگرام کے میزبان   نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے فلموں میں کام کرنے سے متعلق سوال کیا تو وہ بالی وڈ اسٹار سلمان خان کے مداح نکلے۔سرفراز احمد کا فلموں میں کام کرنے سے متعلق جواب میں کہنا تھا کہ اگر انہیں فلم میں کام کرنے کا موقع ملا تو وہ سلمان خان کا دبنگ جیسا رول کرنا چاہیں گے۔ قومی ٹیم کے کپتان نے اپنی پسندیدہ ہیروئن کا نام بتاتے ہوئے کہا کہ اگر فلم میں چانس ملا تو ہیروئن کوئی اور نہیں بلکہ کترینہ کیف ہوں گی۔سلمان خان اور کترینہ کیف کی جوڑی بالی وڈ کی کامیاب ترین جوڑی ہے جس نے کئی سپر ہٹ فلمیں دی ہیں جس میں ’میں نے پیار کیوں کیا؟‘، ’پارٹنر‘، ’ایک تھا ٹائیگر‘ اور ’ٹائیگر زندہ ہے‘ شامل ہیں۔یاد رہے کہ سلمان خان کی فلم ‘دبنگ‘ 2010 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں سلمان خان کا کردار ’چلبل پانڈے‘ پولیس افسر کا تھا جب کہ یہ فلم سلو میاں کی کامیاب فلموں میں سے ایک ہے۔

تعارف: newseditor