کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ کرکٹراورسابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں فکسنگ کرنے والوں سے میرا کوئی تعلق نہیں تھا پھر دوسروں کی غلطیوں کی سزابھگت رہا ہوں۔ سزا پوری ہونے اور اچھی کارکردگی کے باوجود ٹیم میں شامل کرنے سے گریز کیا جارہا ہے۔ دو سال سے قومی ٹی 20 کا دوسرا بہترین بیٹسمین ہوں۔ سلیکشن کمیٹی مسلسل نظر انداز کررہی ہے اور پی ایس ایل کا بھی حصہ نہیں بنایا جارہا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں قائد اعظم ٹرافی میچ کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ میں اپنی غلطی کی سزا بھگت چکا ہوں اور ری ہیب پروگرام بھی مکمل کرچکا، اس کے باوجود پاکستان ٹیم کا حصہ نہیں بنایا جارہا۔ سلمان بٹ نے کہا کہ دو سال سے قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ کا دوسرا بہترین اسکورر ہوں، چیف سلیکٹر نے پاکستان اے میں شامل کرنے کا کہا تھا لیکن سلیکشن کمیٹی مسلسل نظر انداز کر رہی ہے۔ سلمان بٹ نے کہا کہ انضمام الحق نے پاکستان اے ٹیم میں شامل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ شائد مجھے چانس دے دیا جائے۔