سیاسی لوگوں سے ملاقاتیں رنگ لے آئیں،مشتاق کو اہم ذمہ داری ملنے کا امکان

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ لیگ اسپنر اور قومی اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد کو انگلینڈ لائینز اور نیوزی لینڈ اے کے خلاف پاکستان اے ٹیم کا ہیڈکوچ مقرر کیا جارہا ہے۔سجاد اکبر اسسٹنٹ کوچ ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتاق احمد حالیہ دنوں میں سیاسی لوگوں سے جس طرح ملاقاتیں کرتے رہے انہیں اس کا صلہ ملنے کا وقت قریب آگیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ذاکر خان کے خلاف بیان دے کر ان کے لئے مشکلات پیدا کرنے والے کوچ محمد مسرور کو فیلڈنگ کوچ بنانے کی تجویز تھی لیکن پی سی بی انتظامیہ میں حالیہ تقرریوں کے بعد محمد مسرور کے لئے مشکلات بڑھ گئی ہیں انہیں پاکستان اے ٹیم کے ساتھ لگانے کا فیصلہ واپس لے لیا جائے گا۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتاق احمد کو دو سال پہلے پاکستان ٹیم سے ہٹاکر قومی اکیڈمی کے ساتھ لگا دیا گیا تھا۔ اس دوران انہیں پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز سے بھی فارغ کردیا گیا۔ اس سال کے شروع میں مشتاق احمد نے پہلے ویسٹ انڈیز کے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے کام کیا۔ پھر انہیں سری لنکا اور بنگلہ دیش کے بولنگ کوچ کی پیشکش ہوئی لیکن انہوں نے یہ عہدے لینے سے معذرت کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ماہ مشتاق احمد کو پاکستان اے ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

error: Content is protected !!