اسلا م آباد ( نواز گوھر ) : پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر اور سائوتھ ایشین اتھلیٹکس فیڈریشن کے چئرمین میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی نے حکومت پر روز دیا ہے کہ جناح سٹیڈیم کے ٹریک کو کھیلنے کے قابل بنایا جائے تو اتھلیٹکس کے انٹر نیشنل مقابلے پاکستان میں کروائے جاسکتے ہیں،اورجناح سٹیڈیم کا ٹریک کئی سالوں سے خراب ہو نے کے باعث اتھلیٹکس کے کوئی انٹرنیشنل مقابلے پاکستان میں نہیں ہوسکتے اور اگر جناج سٹیڈیم کی حالت بہتر اور انٹرنیشنل سطح کی سہولیات ہوتو سائوتھ ایشین اتھلیٹکس چیمپیئن شپ اسلام آباد میں منعقد کروائی جاسکتی ہے گذشتہ روز جناح سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ ہماری بڑی کوشش رہی ہے کہ سائوتھ ایشین اتھلیٹکس چیمپیئن شپ کی میزبانی پاکستان کرے لیکن وفاقی دارالحکومت سہولیات نہ ہونے کے باعث ایسا نہ ہوسکا انہوں نے کہاکہ کئی بار پاکستان سپورٹس بورڈ کے احکام کو جناح سٹیڈیم میں ٹریک کی مرمت کے بارے میں کہہ چکے ہیں لیکن ابھی تک اس کی مرمت نہیں ہوسکی، انہوں نےکہا کہ ٹریک پر کھڈے ہونے کے باعث کئی بار تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑی زخمی بھی ہوئے ہیں ایشین گیمز میں کارکردگی کے حوالےسے ایک سوال کے جواب میں اکرم ساہی نےکہا کہ ایشین گیمز میں اتھلیٹکس فیڈریشن کی کارکردگی اچھی رہی اور میں اس سے مطمن ہوں کہ پاکستان نے ایشین گیمز میں کانسی کے چار میڈلز حاصل کئے ان میں ہمارے ایک کھلاڑی ارشد ندیم نے جیولین تھرو میں بھی کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ اکرم ساہی نےکہا کہ سائو تھ ایشین یوتھ اینڈ جونیئر اتھلیٹکس چیمپیئن شپ آئندہ برس مارچ میں سری لنکا میں کھیلی جائے گی جس میں آٹھ ممالک کے کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں پاکستان سمیت میزبان سری لنکا، نیپال، بنگلہ دیش، مالدیپ، افغانستان، بھوٹان اور بھارت شامل ہیں، انہوں نےکہا کہ چیمپیئن شپ میں شرکت کے لئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا چنائو قومی یوتھ اینڈ جونیئر اوپن اتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے دوران کیا جائے گا یہ چیمپیئن شپ آئندہ ماہ کھیلی جائے گی جس میں پنجاب، سندھ، خیبر پخوتخوا، بلوچستان، آزادجموں وکشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، ریلوے، واپڈا، ہائرایجوکیشن کمیشن، آرمی، نیوی اور ائیرفورس کے علاوہ ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے