بھارتی کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا


ممبئی ۔ (سپورٹس لنک رپورٹ) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا، کالی آندھی دورے کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ پانچ ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی، لکھنو اسٹیڈیم 6 نومبر کو شیڈول دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں انٹرنیشنل میچ کی میزبانی کا ڈیبیو کرے گا، بھارتی ٹیم پہلی مرتبہ اپنی سرزمین پر کالی آندھی کے خلاف باہمی ٹی ٹونٹی سیریز کھیلے گی، دونوں ٹیمیں اس سے قبل بھارتی سرزمین پر صرف ایک مرتبہ ٹی ٹونٹی میچ میں آمنے سامنے آئی تھیں، ویسٹ انڈین ٹیم 35 برس سے بھارت کے خلاف اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے سے محروم ہے، ویسٹ انڈیز نے آخری بار 1983ء میں بھارت کو اس کی سرزمین پر چھ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 3-0 سے شکست فاش سے دوچار کیا تھا، اس کے علاوہ ویسٹ انڈین ٹیم 2006ء سے بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے میں ناکام ہے، کالی آندھی نے آخری بار 2006ء میں منعقدہ سیریز میں بھارت کو 4-1 سے زیر کیا تھا۔اعلان کردہ شیڈول کے تحت دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 4 سے 8 اکتوبر، دوسرا اور آخری ٹیسٹ 12 سے 16 اکتوبر تک کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 21 اکتوبر، دوسرا میچ 24 اکتوبر، تیسرا میچ 27 اکتوبر، چوتھا میچ 29 اکتوبر جبکہ پانچواں اور آخری میچ یکم نومبر کو کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 4 نومبر، دوسرا میچ 6 نومبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 11 نومبر کو شیڈول ہے۔

تعارف: newseditor