ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز کل سے


دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2018 کل سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا، افتتاحی میچ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے مابین کھیلا جائیگا ، پاکستانی ٹیم 16ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف مہم کا آغاز کریگی،ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا میچ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان19ستمبر کو کھیلا جائیگا۔ٹورنامنٹ کے تمام میچز دبئی انٹرنیشنل سپورٹس سٹی اور شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں ٖڈے اینڈ نائٹ کھیلے جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 15سے 28ستمبر تک کھیلا جائے گا جس میں پہلی مرتبہ6 ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان نے براہ راست ایونٹ میں جگہ بنائی تھی جبکہ ہانگ کانگ کی ٹیم کوالیفائنگ ایونٹ جیت کر ایونٹ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ۔ پاکستان، بھارت اور ہانگ کانگ کی ٹیم کو گروپ اے ، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے ، ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جہاں پر چاروں ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہوں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔ سپر فور مرحلے کے میچز 21 سے 26 ستمبر تک کھیلے جائیں گے ، دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 28ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم ایونٹ میں حصہ لینے کیلئے دبئی میں موجود ہے اور کھلاڑی بھرپور پریکٹس کررہے ہیں ،گزشتہ روز فیلڈنگ کوچ نے پلیئرز کیساتھ خصوصی سیشن کیا اور کیچ پریکٹس کرائی ۔نیٹس میں باؤلرز نے لمبے سپیل کئے جبکہ بلے بازوں نے اپنی خامیاں دور کرنے پر توجہ دی ،ہیڈکوچ مکی آرتھرتما م کھلاڑیوں کو ہدایات دیتے ہوئے نظر آئے ۔ پاکستانی ٹیم سپر فور میں جانے کے لئے مہم کا آغاز نسبتاً کمزور حریف ہانگ کانگ کے خلاف کررہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ میں اسپنرز کا کردار اہم ہوگا۔ پاکستان کے ٹرمپ کارڈ لیگ اسپنر شاداب خان ہوں گے جبکہ ان کی مدد کے لئے شعیب ملک کی آف اسپن اور فخر زمان کی لیفٹ آرم اسپن بولنگ ہوگی۔ دبئی میں سخت گرمی ہے اور حبس والے موسم میں کھلاڑیوں کوسخت امتحان سے گذرنا پڑرہا ہے۔دبئی میں ٹورنامنٹ کے لئے دو نئی پچیں بنائی گئی ہیں اس لئے تین یا چار فاسٹ بولروں کو کھلانے کا فیصلہ پچ دیکھ کر کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی اننگز کا آغاز جارح مزاج فخر زمان اور قابل اعتماد امام الحق کریں گے۔ ون ڈائون پر بابر اعظم آئیں گے۔ چوتھی پوزیشن پر کپتان سرفراز احمد آئیں گے۔ پاکستان کے سب سے سنیئر بیٹسمین شعیب ملک پانچویں نمبر پر آئیں گے۔ جبکہ چھٹے نمبر پر فیصل آباد کے جارحانہ بیٹنگ کرنے والے آصف علی آئیں گے۔لیگ اسپنر شاداب خان کے علاوہ میڈیم فاسٹ بولر فہیم اشرف بھی اچھی بیٹنگ کر لیتے ہیں۔ جبکہ بارہ رکنی ٹیم میں تین فاسٹ بولر محمد عامر، عثمان شنواری اورحسن علی ہوں گے۔ اگر پچ فاسٹ بولروں کے لئے مددگار ہوئی تو چار فاسٹ بولر کھیل سکتے ہیں لیکن اس بات کے امکانات زیادہ ہیں کہ پاکستان تین فاسٹ بولروں اور ایک ریگولر اسپنر کے ساتھ میدان میں اترے گا۔ پاکستان نے ایشیا کپ کے لئے جس سولہ رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہوا ہے اس ٹیم کے چار کھلاڑی حارث سہیل، جنید خان ، شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود پاکستانی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ توقع ہے کہ بھارت کے خلاف بدھ کو ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے میچ میں بھی پاکستانی ٹیم کا یہی کمبی نیشن ہوگا۔

تعارف: newseditor