دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)ایشیاکپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے کے بھارت کیخلاف اہم میچ میں پاکستان کی ریت کی دیوار ثابت ہوئی، بھارتی ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنا لی ہے، اہم میچ میں پاکستان کی پہلے بیٹنگ فلاپ رہی، پھر بائولرز بے بس ہو گئے اور رہی سہی کسر پاکستان کے فیلڈرز نے دو اہم کیچ ڈراپ کرکے پوری کردی، تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 238رنز کا ہدف بھارتی ٹیم نے با آسانی 39.3 اوورز میں حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنا لی،بھارت کی جانب سے دونوں اوپنرز روہت شرما اور شکھر دھون نے شاندار سنچریاں سکور کیں اور پاکستانی گیند بازوں کے خلاف گراؤنڈ کے چاروں طرف شاندار شاٹس لگائے۔پاکستانی بولرز کی بے بسی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کوئی بھی بولر ایک وکٹ بھی حاصل نہ کرسکا۔ اننگز کی واحد وکٹ رن آؤٹ کی صورت میں گری۔روہیت شرما 111رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے جبکہ شیکھر دھون نے 114 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی،امباتی بارہ رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔اس سے قبل پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹںگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں اوپننگ بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا اور بھارتی بولروں کے خلاف بڑی شارٹس لگانے سے گریز کیا تاہم آٹھویں اوور میں امام الحق یزویندرا چاہل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، وہ 10 رنز ہی بناسکے۔اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز فخر زمان تھے جو کریز پر اپنا توازن کھو بیٹھے کلدیپ یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جبکہ بابر اعظم 9 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔تین کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کےبعد شعیب ملک اور کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کو سنبھالا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 107 رنز کی شراکت قائم ہوئی، 165 کے مجموعی اسکور پر سرفراز احمد 44 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔شعیب ملک نے بھی 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، وہ جسپریت بھمراہ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک کے بعد آصف علی اچھے آغاز کے باوجود اپنی اننگز کو آگے لیکر نہ جاسکے اور 30 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر یزویندرا چاہل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔آصف علی کے آؤٹ ہونے کے بعد انڈین گیند بازوں نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے اختتامی اوورز میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو تیزی سے رنز اسکور کرنے سے باز رکھا۔پاکستانی بلے باز بمشکل 237 رنز ہی بناپائے۔ اختتامی اوورز میں بھارتی بولرز کے غلبے کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آخری 7 اوورز میں پاکستان صرف 38 رنز ہی بنا پایا۔بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ، یزویندرا چاہل اور کلدیپ یاودیو نے دو، دو کھلاڑیوں کا آؤٹ کیا۔