فریکچر انگلی کے باوجود مورگن آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں کپتان برقرار


لندن(سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ماہ آسٹریلیا اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف شیڈول ون ڈے سیریز کیلئے الگ الگ ٹیموں کو اعلان کرتے ہوئے انجری کا شکار آئن مورگن کو ہی کپتان برقرار رکھا ہے۔انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن گزشتہ دنوں مقامی لیگ میچ کے دوران انگلی کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور انگلی میں فریکچر کے سبب ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ الیون کی قیادت سے محروم ہو گئے تاہم انجری کے باوجود انگلش سلیکٹرز نے کپتان کو اسکواڈ کا قائد برقرار رکھا ہے تاہم ان کی سیریز میں شرکت فٹنس سے مشروط ہے۔ اسکواڈ میں فاسٹ باؤلر لیام پلنکٹ کی دوبارہ ٹیم میں واپسی ہوئی جبکہ وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف سیریز میں آرام کا موقع دیا گیا ہے اور ان کی جگہ سیم بلنگز صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔اس کے ساتھ ساتھ ٹام کیورن بھی کینگروز کے خلاف سیریز میں ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔آسٹریلیا کے خلاف اعلان کردہ اسکواڈ کپتان آئن مورگن، معین علی، جونی بیئراسٹو، جوز بٹلر، ٹام کیورن، ایلکس ہیلز، لیام پلنکٹ، عادل راشد، جو روٹ، جیسن رائے، بین اسٹوکس، ڈیوڈ ولی، کرس ووکس اور مارک وْڈ پر مشتمل ہے۔اسکاٹ لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے سکواڈ میں صرف ایک تبدیلی ہو گی اور وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر کی جگہ بلنگز ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ انگلش ٹیم اسکاٹ لینڈ کے خلاف ایک ون ڈے کھیلے گی اور اس کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان 5ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

error: Content is protected !!