لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے لیے قومی ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں شرو ع ہوگیا ‘ کھلاڑیوں کی فٹنس میں بہتری لانے کے لیے انھیں مخصوص جسمانی ورزشیں کروائی گئیں جس کے بعد کھیل میں بہتری کے لیے پلیئرز کو پریکٹس بھی کروائی گئی۔ ایشیئن چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ 18 اکتوبر سے 28 اکتوبر تک اومان کے دارالحکومت مسقط کے سلطان قابوس سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا‘ ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن بھارت سمیت ملائیشیا، پاکستان، جنوبی کوریا، جاپان اور اومان کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔پی ایچ ایف کے عہدیداران کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو لیکچر بھی دیں گے ‘ کیمپ کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں میں عمران بٹ، مظہرعباس، امجد علی، محمد عرفان سینئر، راشد محمود، علیم بلال، عماد شکیل بٹ، مبشر علی، تصورعباس، رضوان جونیئر، رضوان سینئر، توثیق ارشد، علی شان، عمر بھٹہ، ابوبکر محمود، شفقت رسول، اظفر یعقوب، محمد عتیق، ارسلان قادر، اعجاز احمد، رانا سہیل، عرفان جونیئر، محمد دلبر، فیصل قادر، ایم رضوان، عاطف مشتاق، رضوان علی، محمد زبیر، ساران بن قمر، منیب الرحمن اورسید ذیشان بخاری شامل ہیں۔