نئی دہلی(سپورٹس لنک رپورٹ)بھارتی کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم گرائونڈ پردو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ٹیم کی قیادت کرنے والے روہیت شرما کو شامل نہیں کیا گیا ہے، اس حوالے سے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ساروگنگولی نے سلیکٹرزکو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ روہیت شرما جیسے بیٹسمین کو ٹیم سے ڈراپ کرنا حیران کن فیصلہ ہے، انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایشیاکپ میں روہیت شرما نے شاندار قیادت کے ساتھ ساتھ اچھی کارکردگی بھی دکھائی پھر سلیکٹرز کا انہیں ڈراپ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، روہیت شرما جنہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ رواں سال جنوری میں جنوبی افریقہ کیخلاف کھیلا تھا کے بارے میں گنگولی کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز کو انہیں موقع دینا چاہئے تھا،گنگولی نے مزید کہا کہ ہوم گرائونڈ پر یہ اچھا موقع تھا کہ روہیت شرما کو موقع دیا جاتا تاکہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنے اعتماد کوبحال کرسکتے۔