کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) زینتھ ایسوسی ایٹس نے 7واں بگ بیش لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شاندار آغاز کیا جب انہوں نے گلشن بیکس کو 88رنز کی واضح شکست سے دوچار کیا۔ زینتھ ایسوسی ایٹس کے 207رنز کے تعاقب میں گلشن بیگس کی ٹیم 118رنز پر ڈھیر ہوگئی۔فاتح ٹیم کے فہد انجم نے شاندار سنچری اسکور کی اور یاسر بنگش کے ہمراہ پہلی وکٹ پر اپنی ٹیم کو 151رنز کا آغاز فراہم کیا۔فہد انجم نے 101اور یاسربنگش 40رنز کی اننگز کھیلی۔ مکرم نے 38رنز اسکور کئے۔ناکام سائیڈ کے کامران 45اور وقاص خان 35رنز کے ساتھ اپنی ٹیم قابل زکر بلے باز رہے۔ آر ایل سی اے گراؤنڈ (گلبرگ) پر زینتھ ایسوسی ایٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ کپتان یاسر بنگش کا پہلے بیٹنگ کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور مقررہ 20اوورز میں 2وکٹوں پر 206رنز اسکور بورڈ پر لگائے گئے۔اوپنرز فہد انجم اور یاسر بنگش نے پہلی وکٹ پر 151رنز کی رفاقت قائم کی۔ فہد انجم نے 101رنز اور یاسر بنگش نے 40رنز جوڑے۔ مکرم نے 38رنز کی باری کھیلی۔زینتھ ایسوسی ایٹس کی واحد وکٹ زین علی نے 33رنز کے عوض حاصل کی جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔ جوابی اننگز میں گلشن بیگس کی پوری ٹیم 17.5اوورز میں118رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی ۔کامران 45اور وقاص خان34رنز کے ساتھ بھرپورمزاحمتی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔دیگر کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔ مکرم نے 11رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو میدان بدر کرکے فتح کی بنیاد رکھی۔ 3وکٹ 24رنز دے کر اویس سومرو کے نام رہیں۔رضوان قریشی کو 20رنز پر 2وکٹ ملے جبکہ ایک وکٹ 15رنز کے عوض کامل محمود کے ہاتھ لگی۔ ایمپائرز حبیب اﷲ اور ذوالفقار علی تھے۔