ابو ظہبی (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹر شاہین آفر یدی نے کہا ہے کہ 2019ء ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا حصہ بننا چاہتا ہوں ٗ ایشیاء کپ میں سخت گرمی میں کھیلنا فاسٹ بولرز کیلئے انتہائی مشکل تھا ٗایشیا کپ میں جنید خان کے ساتھ نئی گیند کرنا ایک اچھا تجربہ تھا۔ایک انٹرویو کے دور ان شاہین آفریدی سے پوچھا گیا کہ کرکٹ کے کھیل میں تو آپ کا بھائی ریاض آفریدی بھی پاکستان کیلئے ٹیسٹ کرکٹ کھیل چکا ہے آپ کیا کرنا چاہتے ہو؟تو شاہین نے جواب دیاکہ میری زندگی کے چھوٹے چھوٹے گول ہیں، اللہ تعالی کا کرم ہے کہ کیرئیر کے ابتداء میں بہت کچھ حاصل کر لیا ہے، میں بہت خوش ہوں۔انہوںنے کہا کہ بتایا کہ ایشیا کپ کے بعد ثمین بھائی نے کہا کہ لاہور قلندرز کے لیے ابوظہبی میں کھیلنا ہے، مجھے خوشی ہوتی ہے، لاہور قلندرز والے بڑا خیال رکھتے ہیں، ماحول بہت اچھا ہے، میں ان کیلئے پلئیر ڈیولپمنٹ پروگرام میں جمرود اور مردان بھی گیا تھا۔ایشیا کپ کے بارے میں سوال پر نوجوان فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ سخت گرمی میں کھیلنا ماحول فاسٹ بولرز کے لیے انتہائی مشکل تھا۔انہوں نے بتایا کہ ایشیا کپ میں جنید خان کے ساتھ نئی گیند کرنا ایک اچھا تجربہ تھا، وہ بہت تعاون کرتے ہیں، انہوں نے مجھ سے کہا کہ میں آپ کو بولنگ کے بارے میں بتاؤں گا اور اگر میں اچھی بولنگ نہ کروں تو آپ نے مجھے بتانا ہے۔شاہین شاہ آفریدی پاکستان کے لیے ون ڈے اور ٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں اور ٹیسٹ کرکٹر بننا ان کا خواب ہے جبکہ وہ 2019ء ورلڈ کپ میں ٹیم پاکستان کا حصہ بننے کے خواہش مند ہیں۔انہوںنے کہاکہ میں تو ہر وقت ملک کے لیے دستیاب ہوں ٗپاکستان سے ہی میرا نام اور پہچان ہے، جب بھی بلایا گیا، میں تیار ہوں، میرا کام فٹ رہنا ہے۔