دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور کوچ مکی آرتھر کے درمیان اختلافات کی باتیں آسڑیلیا کیخلاف جاری دوٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آغاز سے قبل ہی میڈیا کا حصہ بن گئی تھیں تاہم کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی اور کوچ مکی آرتھر بھی ان خبروں پر خاموش تھے جس سے غلط فہمیوں نے مزید زور پکڑا مگر ایک روز قبل مکی آرتھراور آج قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اس بارے میں سب کچھ بتا کر افواہوں کو دفن کر ڈالا ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کوچ مکی آرتھر سے کوئی اختلافات نہیں، ہم ایک ہی پیج پر ہیں، جو ہوا وہ ماضی کا حصہ بن گیا اب آگے دیکھنا ہے ۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ابوظہبی ٹیسٹ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دبئی ٹیسٹ میں اچھا کھیل کر نہ جیت سکے جس کا افسوس ہے، ابوظہبی ٹیسٹ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔سرفراز احمد نے بتایا کہ ابوظہبی ٹیسٹ میں فخر زمان ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے انہیں امام الحق کی انجری کے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔مکی آرتھر کے ساتھ اختلافات کے سوال پر سرفرازاحمد کا کہنا تھا کہ کوچ اور کپتان دونوں ہی ایک پیج پر ہیں، جو فیصلہ لیا وہ ٹیم مینجمنٹ کو اعتماد میں لے کر کیا تھا جو ہوگیا وہ ماضی کا حصہ ہے ، ابھی فوکسڈ دوسرے ٹیسٹ پر ہے۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بیٹنگ فارم کو دیکھ رہے ہیں ، جب بھی ضرورت پڑی اچھی اننگز کھیلیں گے۔دوسری جانب آسٹریلین کپتان ٹم پین پہلاٹیسٹ ڈرا کرنے کے بعد کافی مطمئن نظر آئے ، ان کا کہنا تھا کہ 2011 سے ایشیا میں کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتیں ہیں، اس لئے پہلے ٹیسٹ کی پرفارمنس کے بعد کافی پرجوش ہیں۔