کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن زونVII’اے‘ گریڈ کرکٹ لیگ کے افتتاحی میچ میں شاہی باغ کو 5وکٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی۔جب ناظم آباد ینگسٹر ز191رنز کا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔حمزہ محسن کے 90فتح گر رنز‘ سعد بن یوسف اور حمزہ قاسم کے4,4شکار‘ کاشف کے 88رنزاور کاشان فہیم کی 3وکٹیں رائیگاںگئیں۔ناظم آباد جیم خانہ گراؤنڈ پرفلڈ لٹ میں کھیلے جانے والے افتتاحی میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ناظم آباد ینگسٹرز نے تمام وکٹوں پر 190رنز کا ٹوٹل اسکور بورڈ پر لگایا۔ کاشف خان نے 88رنز کی شاندار اننگز میں 9جوکے اور 3چھکے لگائے۔ وجاہت کمال نے 32رنز اسکوربنائے۔ سعد بن یوسف اور حمزہ قاسم نے 4,4شکار کئے۔ جوابی اننگز میں شاہی باغ نے مطلوبہ ہدف 32اوورز میں حاصل کرلیا جب 5وکٹوں پر 191رنز اسکور بورڈ پر لگائے گئے۔حمزہ محسن نے 90رنز کی شاندار اننگز 7چوکوں اور 4چھکوں کی مدد سے کھیلی۔ عفنان کریم کی 52رنز کی اننگز بھی کارامد رہی۔ سید کاشان فہیم نے 7رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔قبل ازیں پروفیسر اعجاز فاروقی ،سابق صدر کے سی سی اے نے گیند کو ہٹ لگا کربحیثیت مہمان خصوصی ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔مہمان خصوصی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ میں زونVIIکے جملہ عہدیدران و ممبران کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے زونVIIمیں تسلسل کے ساتھ کرکٹ سرگرمیوں کو جاری رکھاہوا ہے۔اعجاز فاروقی نے کہا کہ کرکٹ کا فروغ میری اوّلین ترجیح ہے کسی بھی ڈسٹرکٹ /زون کو کسی بھی طرح کی دشواری کا سامنا ہو تو اسے دور کرنے کیلئے میں اپنا متحرک کردار ادا کرنے میں پس وپیش سے کام نہیں لوں گا اور ہر ممکن اس کے حل کیلئے میرا تعاون انہیں حاصل ہوگا۔جمیل احمد، سابق جوائنٹ سیکریٹری کے سی سی اے نے دوران خطاب کہا کہصدر کے سی سی اے ندیم عمر ڈسٹرکٹ /زون کے عہدیداران کا اجلاس طلب کرکے ان کے تحفظات دور کریں تاکہ کراچی کی کرکٹ کوبرق رفتاری سے فروغ حاصل ہو۔ اس سلسلے میں پروفیسر اعجاز فاروقی پہلے ہی اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلاچکے ہیں ان کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے فروغ کیلئے جب اور جہاں میری ضرورت ہے میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔ ایس اے فہیم نے تفصیل سے ٹورنامنٹ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے اس بات کا سختی کے ساتھ اعادہ کیا کہ کراچی کی کرکٹ کو یرغمال ہونے نہیں دیں گے۔شہزاد عالم ، سابق اسسٹنٹ سیکریٹری کے سی سی اے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر اعجاز فاروقی کی کرکٹ کی خدمات کو سراہا۔ مسرت رضا نے دوران خطاب کرکٹ کے فروغ کیلئے متحد اور بھرپور جدوجہد کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر افضل قریشی، شاہد نواب نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ سیکریٹری زونVIIمظہر اعوان نے شرکاء اور بالخصوص مہمان خصوصی پروفیسر اعجاز فاروقی نے درخواست کی کہ زونVIIکے گراؤنڈز کو زونVIIکے حوالے کئے جائیںتاکہ زون کی کرکٹ کو مزیدفعال اور متحرک کیا جاسکے۔ تقریب میں توصیف صدیقی، رئیس احمد، محمد یامین، سید شاہد علی، ندیم احمد، زونVIIحسیب احمد، زیب اقبال، عبدالرؤف، جاوید اقبال، سیف اﷲ، عارف علی، محمد ارسلان و دیگر شائقین و کھلاڑیوں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔ ایمپائرز افضل ظہراور ناصر خان جبکہ آفیشل اسکورر محمد طارق تھے۔