تہران(سپورٹس لنک رپورٹ)ایران کے پراسیکیوٹر جنرل نے کہا ہے کہ ایران کی خواتین کو اب دوبارہ فٹبال میچ دیکھنے کیلئے سٹیڈیم آنے کی اجازت نہیں دی جائیگی کیونکہ یہ ایسا کام ہے جو گناہ کی جانب لیکر جاتا ہے، ایرانی پراسیکیوٹر جنرل محمد جعفر منتظری کی جانب سے یہ بیان ایران اور بولیووا کے درمیان آزادی سٹیڈیم میں ہونے والے میچ کے ایک روز بعد آیا ہے اس میچ کو دیکھنے کیلئے تقریبا سو سے زائد خواتین آزادی سٹیڈیم میں آئی تھیں، محمد جعفر منتظری کا کہنا ہے کہ مجھے اس بات پر سخت اعتراض ہے کہ خواتین فٹبال میچ دیکھنے کیلئے سٹیڈیم آئیں، ہمارا ملک مسلمان ملک ہے اور یہاں مسلمان رہتے ہیں،ایرانی نیوز ایجنسی مہر کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی حکومتی عہدیدار نے دوبارہ خواتین کو سٹیڈیم آنے کی اجازت دی تو اس کیخلاف قوانین کے مطابق نمٹا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ جب خواتین بغیر نقاب کے سٹیڈیم میں آئیں گی اور مردوں کو کھیلتے ہوئے دیکھیں گی تو یہ گناہ ہے اور جنم کا راستہ ہے۔