کرکٹ کے بعد ہاکی کے میدان سے بھی خوشخبری آگئی


مسقط (سپورٹس لنک رپورٹ)ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے اپنے سفر کا کامیاب آغاز کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 1-3 سے شکست دے کر کامیابی اپنے نام کر لی۔مسقط میں کھیلے جارہے ایونٹ میں پاکستان کا اپنے پہلے میچ میں جنوبی کوریا سے مقابلہ تھا۔میچ کے پہلے کوارٹر کے 12ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے اعجاز احمد نے گول کر کے قومی ٹیم کو برتری دلائی جو اس کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی۔

پاکستان نے دوسرے کوارٹر کا آغاز بھی جارحانہ انداز سے کیا اور میچ کے 18ویں منٹ میں عمر بھٹہ نے گیند کو جال میں پھینک کر ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔میچ کے پہلے ہاف کے اختتام تک پاکستان کو 0-2 کی برتری حاصل تھی لیکن کھیل کے 41ویں منٹ میں محمد رضوان نے پاکستان کے لیے تیسرا گول اسکور کر کے میچ میں جیت کو یقینی بنا دیا۔کھیل کے اختتام سے قبل جنوبی کوریا کی ٹیم بھی گول کرنے میں کامیاب رہی لیکن اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی اور جب میچ ختم ہوا تو 1-3 کا اسکور پاکستان کی فتح کا اعلان کررہا تھا۔ایونٹ قومی ٹیم کا دوسرا میچ آج روایتی حریف بھارت سے ہو گا۔

تعارف: newseditor