اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)اسلام آباد پولیس کرکٹ ٹیم نے ینگ کیپیٹل کرکٹ کلب ٹیم کو دوستانہ میچ میں 08وکٹوں سے شکست دے دی۔تفصیلات کے مطابق پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں نئے بنائے گئے کرکٹ گراونڈ میں اسلام آباد پولیس کرکٹ ٹیم اور ینگ کیپیٹل کرکٹ کلب ٹیموں کے درمیان 25اوورز پر مشتمل ایک دوستانہ میچ کا انعقاد کیا گیا جس میں ینگ کیپیٹل کرکٹ کلب ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 165رنز بنائے اور تمام ٹیم آوٹ ہوگئی ،اسد شاہ 37رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ،اسلام آباد پولیس کی طرف سے شاہد صدیق نے 27رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں ،راجہ طاہر نے تین جبکہ محمد ایوب اعوان نے دو وکٹیں حاصل کیں ،جواب میں اسلام آباد پولیس کی ٹیم نے مقررہ حدف 23اوور ز میں حاصل کر لیا،فیصل نے ناقابل شکست 80رنز سکور کئے جبکہ شہریار نے 40رنز بنائے ۔منیب نے بہترین وکٹ کیپر کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو سٹمپ آوٹ کیاجبکہ دو کیچز بھی کئے اور مین آف دی میچ قرار پائے ۔دوستانہ میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر آئی جی اسلام آباد جان محمد نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو شاباش دی اور کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو جاری رکھا جائے ،اس سے سخت ڈیوٹیز کی وجہ سے تناو میں کمی آتی ہے ۔انہوں نے کھیلوں کی سرگرمیوں کو کامیابی سے منعقد کروانے اور پولیس لائن میں نئے کرکٹ گراونڈ بنانے میں گراں قدر خدمات سرانجام دینے پر سپورٹس آٖفسیر محمد ایوب اعوان ، اسسٹنٹ سپورٹس آفیسر محمد طاہر اور ساتھی کھلاڑیوں کو مبارکباد اور نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹس سے بھی نوازا۔