ریاض(سپورٹس لنک رپورٹ ) سعودی عرب کے کراٹے چیمپیئن محمد عسیری نے یوتھ اولمپک گیمز میں سونے کا تمغہ جیت کر اپنی کامیابی خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز،ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے نام کردی۔ ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس میں یوتھ اولمپک گیمز جاری ہیں۔ محمد عسیری نے یہ تمغہ 61کلوگرام کیٹیگری میں حاصل کیا۔ سعودی عرب کے کھلاڑیوں نے اولمپک گیمز میں 1972سے حصہ لینا شروع کیا ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ کسی سعودی کھلاڑی نے سونے کا تمغہ حاصل کیا ہے۔ سعودی عرب کی جنرل اسپورٹس اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل شیخ نے محمد عسیری کی اس شاندار کامیابی پر 10لاکھ ریال انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ گولڈ میڈل جیتنے کے اس موقع پر سعودی کھلاڑی محمد عسیری نے اپنے خیالات اور جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی میرے لئے انتہائی خوشی کا موقع ہے اور میرے اندر کا احساس ناقابل بیان ہے جب اس انٹرنیشنل ایونٹ میں قومی ترانے کی دھن پر میرے ملک کا جھنڈا بلند ہوا ۔محمد عسیری نے کہا کہ میں اپنی یہ کامیابی خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز،ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور والدین اور دیگر ایتھلیٹ ساتھیوں کے نام کرتا ہوں۔