ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی،پاکستان نے عمان کو 1-8سے شکست دیدی


مسقط (سپورٹس لنک رپورٹ)ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان نے عمان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں آٹھ گول سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کر لی۔مسقط میں کھیلے جا رہے ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے میچ میں پاکستان نے شروع سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور عمان کے خلاف تابڑ توڑ حملے کیے۔پاکستان کو جلد ہی حملوں کا صلہ ملا اور پہلے کوارٹر کے اختتام سے قبل پاکستان نے علیم بلال کے گول کی بدولت میچ میں برتری حاصل کر لی۔میچ کے دوسرے ہاف میں پاکستان نے مزید بہتر کھیل پیش کیا اور 18ویں منٹ میں علیم بلال نے اپنا اور ٹیم کا دوسرا گول اسکور کردیا۔ابھی مزید 4منٹ ہی گزرے تھے کہ محمد عرفان جونیئر نے گیند کو گول کی راہ دکھا کر ٹیم کی برتری 0-3 کردی جبکہ 26ویں منٹ میں عماد بٹ نے گول کر دیا اور یوں ہاف ٹائم پر پاکستان کو 0-4 کی برتری حاصل تھی۔کھیل کا دوسرا ہاف شروع ہوا تو چار منٹ بعد ہی محمد عرفان سینئر نے اپنا پہلا گول اسکور کردیا جبکہ کھیل کے 39ویں منٹ میں علیم بلال نے ایک اور گول کر کے میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔میچ کے تیسرے کوارٹر کے اختتام سے محض چند لمحے قبل ابوبکر محمود نے گول داغ کر ٹیم کو 0-7 کی ناقابل شکست برتری دلا دی۔کھیل کے آخری کوارٹر میں محمد عتیق نے قومی ٹیم کے لیے 8واں گول اسکور کیا جبکہ کھیل ختم ہونے سے چند لمحے قبل عمان کے محمد ال لواتی نے گول کر کے ٹیم کے خسارے کو کچھ کم کیا لیکن اس وقت تک 1-8 کی شکست عمان کا مقدر بن چکی تھی۔یہ پاکستان کی ایونٹ میں دوسری فتح ہے جہاں اس سے قبل اپنے پہلے میچ میں گرین شرٹس نے جنوبی کوریا کو 1-3 سے زیر کیا تھا اور پھر بھارت نے اسی مارجن سے پاکستان کو شکست دی تھی۔ایونٹ میں پاکستانی ٹیم اپنا چوتھا میچ 24اکتوبر کو جاپان کے خلاف کھیلے گی۔

تعارف: newseditor