بلخ لیجنڈز نے افغانستان پریمیئر ٹی ٹونٹی لیگ کا ٹائٹل جیت لیا


شارجہ(سپورٹس لنک رپورٹ) قیاس احمد کی تباہ کن باؤلنگ اور کرس گیل کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت بلخ لیجنڈز نے افغانستان پریمیئر ٹی ٹونٹی لیگ کا ٹائٹل جیت لیا۔ بلخ لیجنڈز نے فیصلہ کن معرکے میں کابل زوانان کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔ فاتح ٹیم نے 133 رنز کا ہدف 19ویں اوور کی پہلی گیند پر 6 وکٹوں پر حاصل کیا۔ قیاس احمد نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ گیل نے 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کردار ادا کیا۔ قیاس احمد میچ اور راشد خان ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ شارجہ کرکٹ سٹیڈیم پر کھیلے گئے فائنل میں کابل زوانان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 132 رنز بنائے، جاوید احمدی 32، پارنیل اور کولن انگرام 21، 21 حضرت اﷲ زیزئی 10، لیوک رونکی 9، ایونز 14، مسلم موسیٰ اور فرید احمد 4، 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاہداﷲ 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ قیاس احمد نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا۔ جواب میں بلخ لیجنڈز نے مطلوبہ ہدف 18.1 اوورز میں 6 وکٹوں پر پورا کیا۔ گیل جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ روی بوپارا نے 32 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، ویان پارنیل نے 3، راشد خان، فرید احمد اور مسلم موسیٰ نے ایک، ایک وکٹ لی۔

تعارف: newseditor