قائد اعظم ٹرافی، سوئی سدرن گیس کارپوریشن نے زیڈ ٹی بی ایل کو ہرا دیا، محمد عامر کی میچ میں 7 وکٹیں


اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) قائد اعظم کرکٹ ٹرافی فور ڈے ٹورنامنٹ میں پی ٹی وی نے واپڈا، سوئی سدرن گیس کارپوریشن نے زیڈ ٹی بی ایل کو شکست دے دی، محمد عامر نے میچ میں 7 وکٹیں لیکر سوئی سدرن کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ پیر کو اسلام آباد میں کھیلے گئے چار روزہ میچ کے چوتھے اور آخری روز پی ٹی وی کی ٹیم نے 136 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے فتح کیلئے مزید 89 رنز درکار تھے، پی ٹی وی نے ہدف 7 وکٹوں پر پورا کیا، عمیر خان اور حسن محسن 53، 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عامر جمال نے ناقابل شکست 37 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، احسان عادل نے 4، ارشد اقبال نے 2 اور ذوالفقار بابر نے ایک وکٹ لی۔ اسلام آباد میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں سوئی سدرن گیس کارپوریشن نے زیڈ ٹی بی ایل کو اننگز اور 87 رنز سے ہرا دیا، زیڈ ٹی بی ایل نے 85 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 154 رنز پر ڈھیر ہو گئی، کپتان رضا علی ڈار 58رنز بنا کر نمایاں رہے، عاقب شاہ 19، حسیب الرحمان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد عامر نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اظہر عطاری نے 3 اور عمر امین نے 2 وکٹیں لیں۔ واضح رہے کہ سوئی سدرن گیس کارپوریشن نے زیڈ ٹی بی ایل کی پہلی اننگز 269 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز 510 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی تھی۔

تعارف: newseditor