راولپنڈی۔(سپورٹس لنک رپورٹ) پٹینگولر انڈر۔19 ٹی ٹونٹی کپ 2018-19 میں بلوچستان اور فیڈرل ایریاز نے اپنے اپنے میچ جیت لئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں بلوچستان نے پنجاب کو دلچسپ مقابلے کے بعد 16 رنز سے ہرایا۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ محمد آصف 47 اور اشعر بھٹی 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ محمد جنید نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ پنجاب کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔ حسن ڈار نے 32 اور اویس ظفر نے 31 رنز بنائے۔ محمد جنید نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور تین وکٹیں حاصل کیں۔ بلال خان اور عامر علی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد آصف کو مرد میدان قرار دیا گیا۔ اسی روز کھیلے گئے دوسرے میچ میں فیڈرل ایریاز نے دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کے پی کے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے۔ محمد محسن خان نے 55 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ زین العابدین نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں فیڈرل ایریاز نے ہدف 17.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ عزیر ناصر نے 47 ، محمد عرفان خان نے 32 اور حیدر علی نے 28 رنز بنائے۔ عزیر ناصر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔