سڈنی (سپورٹس لنک رپورٹ)آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز بلے باز مائیکل ہسی جنہیں کرکٹ کی دنیا میں ‘مسٹر کرکٹ’ کے نام سے جانا جاتا ہے آسٹریلیا کے خلاف حالیہ سیریز میں پاکستانی ٹیم کی شاندار کارکردگی پر بول پڑے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم بہت عمدہ کھیلی ہے۔ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران مائیکل ہسی کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کی عادت ہے کہ پہلے میچ جیتنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اگر نہیں جیت سکتے تو اْسے بچانے کی کوشش کرتے ہیں۔انھوں نے حالیہ ٹیسٹ سیریز میں یاسر شاہ اور محمد عباس کی عمدہ گیند بازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گیندبازوں نے تمام وقت آسٹریلوی کھلاڑیوں کے لئے مشکلات پیدا کئے رکھیں۔مسٹر کرکٹ نے قومی کپتان سرفراز احمد کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک فائٹر کپتان ہیں اور ہمیشہ خود کو کھیل میں مگن رکھتے ہیں۔انٹرویو کے دوران مائیکل ہسی نے بتایا کہ ان کی محمد عباس سے بات ہوئی اور ان سے پوچھا کہ کیسا محسوس کر رہے ہیں؟ جس پر عباس نے جواب دیا کہ خاص طور پر 5 آؤٹ کرنے کے بعد بہت اچھا لگ رہا ہے۔ سیریز میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن کے لئے ڈراؤنا خواب ثابت ہونے والے محمد عباس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ گلین میگرا کو پسند کرتے ہیں اور ان کے مداح ہیں۔مائیکل ہسی نے کہا کہ دونوں ممالک کرکٹ سے محبت کرتے ہیں اور ایک دوسرے کی ٹیموں کے لئے احترام کے جذبات رکھتے ہیں۔