اوسلو(سپورٹس لنک رپورٹ)نارویجن پاکستانی کرکٹر سید تجمل حسین شاہ نے اس سال ناروے کی قومی کرکٹ لیگ کے دوران غیرمعمولی کارکردگی کی بنا پر2018 کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرلیا۔اس حوالے گزشتہ دنوں ناروے کے دارالحکومت اوسلو کے مضافات میں ’’شی‘‘ کے علاقے میں ایک پروقار تقریب ہوئی جس میں ناروے کی کرکٹ فیڈریشن کی سیکرٹری جنرل مس ’’گرے بروآس‘‘ نے اس حوالے سے ایک خصوصی ایوارڈ سید تجمل شاہ کو پیش کیا۔سید تجمل شاہ نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ وہ اپنی کامیابی پر خدا کا شکر ادا کرتے ہیں، ان کی کامیابی ان کی پوری ٹیم کی کامیابی ہے۔ اس اعزاز کے پیچھے کے والدین اور عزیزوں کی دعائیں اور ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کا تعاون شامل ہے۔ناروے کی کرکٹ فیڈریشن کے ذرائع کے مطابق سید تجمل حسین شاہ جو اپنی ٹیم ’’نیشن‘‘ کرکٹ کلب کے نائب کپتان ہیں، نے اس سال مئی سے ستمبر تک منعقد ہونے والی نارویجن کرکٹ لیگ کے دوران بہترین کارکردگی دکھائی۔ خاص طور پر انہوں نے ایک اوور میں 5 وکٹیں حاصل کیں، جن میں 3 وکٹیں مسلسل ہونے کی وجہ سے ایک ہیٹرک بھی شامل ہے۔وہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے کسی ٹورنامنٹ میں ایک اوور میں 5 وکٹیں لیں اور اسی اوور میں ایک ہیٹرک بھی حاصل کی۔ٹی ٹوئنٹی کے اس میچ کے دوران انہوں نے اپنے کل 4 اوورز میں 21 رنز دیے اور کل 5وکٹیں گرائیں۔45اوور کے ایک اور میچ کے دوران انہوں نے کل 54 گیندیں کرائیں جن میں 47 ڈاٹ بالز تھیں جو ایک اور غیرمعمولی کارکردگی ہے۔34 سالہ سید تجمل شاہ جو گزشتہ سولہ سال سے ناروے میں کرکٹ کھیل رہے ہیں، پچھلے سال انہیں ان کے کلب کی طرف سے بہترین بولر کا ایوارڈ دیا گیا اور اس سے قبل وہ ناروے کی کرکٹ فیڈریشن سے بھی بہترین بولر کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔انہو ںنے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہاکہ نارویجن پاکستانی نوجوانوں کو کھیل جیسی مثبت اور صحت افزا سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینا چاہیے۔