ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان،،،نجم سیٹھی کا دو ٹوک اعلان سامنے آگیا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم آرہی ہے اور اس میں کوئی شک نہیں ہے۔پاکستان ویسٹ انڈیز سیریز کے لوگو کی لاہور میں رونمائی کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ خوشی ہے کہ اب انٹرنیشنل ٹیمیں بھی پاکستان آرہی ہیں، ہم جو کہتے ہیں وہ پورا کر کے دکھاتے ہیں۔یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو اسٹار پلیئرز کی عدم دستیابی کی وجہ سے حتمی ٹیم کے اعلان میں دشواری کا سامنا ہے جب کہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ ویسٹ انڈین ٹیم پاکستان نہیں آرہی۔اس حوالے سے نجم سیٹھی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان آرہی ہے اور کیربیئن بورڈ آج ٹیم کا اعلان کردے گا۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بھارت سے بھی معاملات دیکھ رہے ہیں اور بہت جلد خوشخبری بھی ملے گی۔امریکا میں سہہ فریقی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے نجم سیٹھی نے بتایا کہ تین ملکی ٹورنامنٹ کی تجویز ہے تاہم اس حوالے سے ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ تین ملکی سیریز کے لئے بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

error: Content is protected !!