سپریم کورٹ کا فٹبال فیڈریشن کو ایک ماہ میں انتخابات کرانے کا حکم

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے حوالے سے ارشد خان لودھی کی جانب سے دائر کردہ درخواست ہر فیصلہ سناتے ہوئے ایک ماہ کے اندر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے نئے انتخابات کرانے کا حکم دے دیاہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ایف ایف کے سابق سیکرٹری ارشد خان لودھی کی جانب سے دائر کردہ سی ایم کی درخواست جس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے 17اپریل 2018کے فیصلہ جس میں سُپریم کورٹ آف پاکستان نے چودہ دن کے اندر پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے انتخابات کرانے کا حکم دیتے ہوئے ان انتخابات کے بعد پی ایف ایف کے انتخابات کرانے کا حکم دے دیا تھا ،کے تناظر میں سی ایم کی درخواست پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار،جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس اعجازحسین پر مشتمل سپریم کورٹ آف پاکستان کے بنچ نمبر ایک نے فیصلہ سنا تے ہوئے ایک ماہ کے اندر پی ایف ایف کے 2014کے آئین تحت انتخابات کرانے کاحکم سنا دیا اور انتخابات کی نگرانی کے لئے شعیب شاہین ایڈوکیٹ ، ممبر پاکستان بار کونسل کو نامزد کیا ہے۔ معزز عدالت نے اپنے فیصلہ میں پی ایف ایف کوان انتخابات کی نگرانی کرنے والے شعیب شاہین کو اس ذمہ داری کی ادائیگی کے لئے پانچ لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کی گئی جس پر عدالت ہی میں موجود شعیب شاہین ایڈوکیٹ نے اس معاوضہ کو ڈیم فنڈ میں جمع کرانے کا بھی اعلان کیا۔ مقدمہ میں سابق سیکر ٹری جنرل پی ایف ایف ارشد خان لودھی کی جانب سے سردار اسلم اور چوالفقار چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔سُپریم کورٹ آف پاکستان کے اس فیصلہ کے تناظر میں ہونے والے ان انتخابات میں پی ایف ایف کے آئین کی روشنی میں الیکٹرول کالج پندرہ یونٹس جنمیں پنجاب ۔سندھ ۔کے پی کے۔ بلوچستان ۔ اسلام آباد آرمی ، واپڈا، نیوی ، ائیر فورس، پی آئی اے ، پولیس ، ایچ ای سی اور ریلوے کے علاوہ قومی وومن کلب چیمین ٹیم کی نمائندہ(جو کہ اس بار آرمی کی ٹیم ہے) سمیت ان یونٹس کے 23ووٹرز ہونگے جو پی ایف ایف کے انتخابات سے قبل تین خواتین وومن نمائندان کا نتخاب کریں گے یوں پی ایف ایف کے انتخابات میں کل ووٹرز کی تعداد 26ہوجائے گی۔ جو صدر پی ایف یاف۔تین نائب صدور اور گیارہ ایگزیکیٹو ممبران جن میں سے 8صوبوں سے جبکہ تین ڈیپارٹمینٹس سے ہونگے کا انتخاب کیا جائے گا۔

تعارف: newseditor