لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) انٹر سکول اینڈ انٹر کالجیٹ گیمز کا انعقاد یقینی ہو گیا، سپورٹس بورڈ اور پنجاب اولمپکس کے درمیان معاملہ طے پا گئے۔پنجاب اولمپکس ایسوسی ایشن کی جانب سے انٹر سکولز اور انٹر کالجیٹ گیمز کیلئے 16 سے 20 نومبر کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا تھا مگر سپورٹس بورڈ پنجاب نے پنجاب سٹیدیم دینے سے انکار کر دیا۔بورڈ کا کہنا تھا کہ پنجاب اولمپکس جب تک بین الصوبائی گیمز کے بقایا جات ادا نہیں کرتا کوئی گراونڈ نہیں دیا جا سکتا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب اولمپکس نے 12 لاکھ روپے جمع کرا دیئے ہیں جس کے بعد سپورٹس بورڈ پنجاب نے سٹیدیم دینے کی حامی بھری ہے۔ دونوں فریقین 15 نومبر کو مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے اور نئے شیڈول کے مطابق گیمز 3 سے 7 دسمبر تک ہوں گی۔