کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈاحسان مانی نے کہا ہے کہ سرفراز احمد ورلڈکپ تک کپتان رہیں گے جب کہ وسیم اکرم پر لگائی گئی پابندی کا کوئی مضبوط گرائونڈ نہیں ہے۔بدھ کوچیئرمین پی سی بی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پی سی بی میں تبدیلی آنا شروع ہو گئی ہے اب پی سی بی میں بھی ہر شخص کا احتساب ہو گا۔ میں کرکٹ بورڈ کو احتساب کی طرف لے کر جائوں گا۔محسن خان کو کرکٹ کمیٹی کا چیئرمین بنانے سے متعلق احسان مانی نے کہا کہ محسن خان بہترین کرکٹر ہیں اور عمدہ تجربہ رکھتے ہیں اس لئے انہیں کرکٹ کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا ہے جب کہ مکی ارتھر سے بھی بات ہوچکی ہے ان کا اور محسن خان کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے رول ماڈل ہے جب کہ کراچی نے پاکستان کو عظیم کرکٹرز دیئے ہیں اور ہم کراچی میں قائم کرکٹ اکیڈمی کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی مشاورتی کمیٹی ہے جو مسائل بورڈ کی جانب سے اٹھائے جائیں گے کمیٹی ان پر مشورہ دے گی جب کہ کرکٹ ٹیم کے کپتان کا فیصلہ کرکٹ کمیٹی نے نہیں ہمیں کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل الگ کرنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ پی سی بی کا حصہ نہیں ہو گا جب کہ ملتان سلطان کی فرنچائز کے لیے کئی لوگوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔انہوں نے بھارت سے کرکٹ کے معاملے پر پوچھے گئے سوال پر کہا کہ بھارت سے کرکٹ کے معاملات پر بات چیت جاری ہے تاہم ہم کسی سے کرکٹ کھیلنے کے لیے منتیں نہیں کریں گے۔