خواتین اسکلز کیمپ : پہلا مرحلہ ختم، دوسرا مرحلہ 13 جولائی سے شروع

 

خواتین اسکلز کیمپ : پہلا مرحلہ ختم، دوسرا مرحلہ 13 جولائی سے شروع

پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت خواتین اسکلز کیمپ کا پہلا مرحلہ اتوار کے روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں اختتام کو پہنچا۔اس پانچ روزہ کیمپ میں لاہور اس کے قریبی علاقوں کی بیس کرکٹرز نے حصہ لیا۔

 

کیمپ نے ان تمام کھلاڑیوں کو اپنی مہارت اور فٹنس میں اضافے کا بہترین موقع فراہم کیا۔ اس کے علاوہ ان کھلاڑیوں کو اپنی تیکنیک میں بہتری لانے کا بھی موقع ملا۔اس کیمپ کی نگرانی پاکستان ویمنز ٹیم کے سپورٹ اسٹاف نے کی جس کے سربراہ ہیڈ کوچ مارک کولز ہیں۔

 

کیمپ کے دوران تمام کھلاڑیوں کو کوچنگ اسٹاف کی طرف سے کھیل کے تینوں شعبوں کی ٹریننگ کے علاوہ گیم کی حکمت عملی کے بارے میں اہم باتیں بتائی گئیں۔

 

ہیڈکوچ مارک کولز نے کیمپ میں ان کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کیا اور کہا کہ ان کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ اور ان میں کھیل کی لگن دیکھ کر وہ بہت متاثر ہوئے ہیں۔ ان کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ ان کی محنت اور لگن سلیکٹرز اور کوچنگ اسٹاف کے لیے مستقبل کا ٹیلنٹ سامنے لانے میں مدد گار ثابت ہوگی۔

 

اٹھارہ سالہ شوال ذوالفقار کا کہنا ہے کہ اس کیمپ سے انہیں اپنی فٹنس اور مہارت میں بہتری لانے میں مدد ملی ہے۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تمام سہولتیں بہترین تھیں جن سے ہمیں اپنی ٹریننگ میں بڑی مدد ملی۔

 

شوال ذوالفقار جنہوں نے اس سال آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ اور ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا جس سے ہمیں انٹرنیشنل لیول پر کھیل کی ضروریات کو سمجھنے میں مدد ملی۔وہ ایج گروپ لیول پر پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں اور اب وہ اپنی محنت سے مستقبل میں قومی ٹیم کی نمائندگی پر اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

 

دوسری جانب پاکستان ویمنز کرکٹرز کے اسکلز کیمپ کا دوسرا مرحلہ 13سے 17 جولائی تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں منعقد ہوگا۔اس مرحلے میں بھی 20 کرکٹرز حصہ لیں گی جن میں پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان ندا ڈار بھی شامل ہیں جو لاہور کے پہلے مرحلے میں بھی موجود تھیں۔

کراچی کے کیمپ میں شامل بیس کرکٹرز یہ ہیں۔ انوشے ناصر۔ عروب شاہ ۔ایمان فاطمہ۔ فاطمہ ثنا۔ گل رخ۔ حمنہ بلال۔ حورینہ سجاد۔ خدیجہ چشتی۔ لبنی بہرام ۔ ماہم طارق۔ معصومہ زہرا۔ ماہم منظور۔ منیبہ علی صدیقی۔ نجیہہ علوی۔ ندا ڈار۔ عمیمہ سہیل۔ رامین شمیم۔ صائمہ ملک۔ یسریٰ عامر اور زیب النسا۔

 

کوچنگ اسٹاف۔

مارک کولز ( ہیڈ کوچ ) ۔ توفیق عمر ( بیٹنگ کوچ ) سلیم جعفر ( بولنگ کوچ ) محتشم رشید ( فیلڈنگ کوچ ) ۔ڈاکٹر رابعہ صدیق ( فزیو تھراپسٹ ) ۔

 

 

 

error: Content is protected !!