لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی زیرسرپرستی سپورٹس بورڈ پنجاب کے سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت صوبہ بھر میں تحصیل کی سطح پر لڑکے اور لڑکیاںکھیلوں کے مقابلے منعقد ہورہے ہیں، تحصیل کی سطح پر مقابلے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر میں ہورہے ہیں،سپورٹس کیلنڈر کے تحت ہونیوالے مقابلوں میں کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، ضلع لودھراں میںتحصیل لودھراں، کہروڑ پکا اور دنیا پورکے اتھلیٹکس کے مقابلے ہوئے جس میں ہر تحصیل سے 20،20کھلاڑیوں نے شرکت کی
اتھلیٹکس میں دنیا پور کے اتھلیٹس فاتح رہے، ضلع جہلم میں والی بال بوائز و گرلز کے مقابلے منعقد ہوئے جس میں تحصیل ، پنڈ دادنخان، سوہاوہ، جہلم اور دینہ کے کھلاڑیوںنے شرکت کی، گرلز والی بال کا فائنل جہلم اور دینہ کی تحصیلوں کے درمیان کھیلا گیا جس میں دینہ کی ٹیم نے 25-9،25-16سے کامیابی حاصل کی، بوائزکا فائنل جہلم ، دینہ کے مابین ہوا جس میںجہلم کی ٹیم 25-21،25-13پوائنٹس کے ساتھ فاتح رہی،ضلع ڈیرہ غازی خان میں تحصیل ڈی جی خان، تونسہ شریف، کوٹ چھٹہ کے مقابلے ہوئے، اتھلیٹکس(بوائز و گرلز) میں ڈی جی خان تحصیل نے تونسہ شریف کیخلاف کامیابی حاصل کی۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سپورٹس کیلنڈرکے مقابلوں سے صوبہ بھر میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے اور گراس روٹ لیول سے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب مکمل تعاون کرے گا، ان مقابلوں میں کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں جس میں کھلاڑی جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں۔