لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی زیرسرپرستی سپورٹس بورڈ پنجاب کے سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت دوسرے روز صوبے کے بیشتراضلاع میںتحصیل کی سطح پر لڑکوں اور لڑکیوں کے مقابلے منعقد ہوئے ، ان مقابلوں میں سینکڑوں اتھلیٹکس کی کارکردگی قابل تحسین رہی ،ٹوبہ ٹیک سنگھ کی خواتین کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ہے جن میں 9میں سے 7مقابلے جیتے۔ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ریحہ زینب نے 100میٹر اور 200میٹر کے مقابلوں میں فتح حاصل کی ، 400میٹر کے مقابلے میں مریم ظفرجبکہ 800میٹر کے مقابلے میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ہی مقدس سجاد فاتح ٹھہریں ، ٹوبہ ٹیک سنگھ کی علشبہ جبین نے 100میٹر ہرڈل ریس اور لانگ جمپ کے ٹائیٹل اپنے نام کئے ، گوجرہ کی ثناء یعقوب نے ڈسکس تھرواور شاٹ پٹ کے مقابلے جیتے، 400×100ریلے کی ریس میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کی مقدس ، مریم ، مناہل اور آمنہ نے میدان مارا۔ فیصل آباد کے انٹرتحصیل مقابلوں میں آمنہ نے 100میٹر اور 400میٹر ریس جیتی جبکہ عروج نے100میٹر ہرڈل اور200میٹر ریس جیتی ،آمنہ سعید نے 100میٹر عروج شہزاد نے لانگ جمپ خدیجہ مہرین نے ڈسکس تھرواور شاٹ پٹ کے مقابلے جیتے ۔
جہلم میں ہونے والے انٹرتحصیل اتھیلٹکس مقابلے میں دینہ کی لڑکیوں نے فتح حاصل کی تحصیل جہلم کی لڑکیاں دوسرے نمبر پر رہیں ، مجموعی طور پر 49لڑکیوں نے مقابلوں میں حصہ لیااس موقع پر گورنمنٹ گرلز جونیئر ماڈل سکول کی ہیڈمسٹرس میڈم شمیم مرزا مہمان خصوصی تھیں ۔ راولپنڈی میں ہونیوالے انٹرتحصیل کرکٹ مقابلے میں رالپنڈی نے مری کو 42رنز سے شکست دی ، راولپنڈی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 161رنز بنائے جس کے جواب میں مری کی ٹیم 119رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔میانوالی میں ہونیوالے انٹرتحصیل اتھلیٹکس کے مقابلے میلہ سپورٹس سٹیڈیم میں منعقد ہوئے3تحصیلوں میانوالی ، عیسی خیل اور پپلاں کی 27لڑکیوں نے مقابلوں میں حصہ لیا ، منزہ جاوید نے شاندار کھیل کا مظاہر ہ کرتے ہوئے100میٹر 200میٹر ، 800میٹر اور لانگ کے مقابلے جیتے
آسیہ بی بی نے شاٹ پٹ اور ڈسکس تھرو کے مقابلوں میں فتح سمیٹی جبکہ ماریہ خان نے 400میٹر کا ٹائیٹل اپنے نام کیا،لڑکوں کے مقابلوں میں 27کھلاڑیوں نے حصہ لیا جن میں خضرحیات ، سلیم اﷲ، عتیق الرحمان ، حمید اﷲ،ابرار ، طاہر حسین اور شاہد خان نے 100میٹر ،200میٹر، 800میٹر، لانگ جمپ ، شاٹ پٹ، اور ڈسکس تھرو میں فتح حاصل حاصل کی ہے۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی ہدایت پر پنجاب بھر کی تمام تحصیلوں میں ہونیوالے مقابلوں میں کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات مہیا کی جارہی ہیں ۔