راولپنڈی (سپورٹس لنک رپورٹ)ملتان نے چھٹی قومی ڈس ایبلڈ ٹی 20 کرکٹ چیمپئن شپ جیت لی۔ فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں اسلام آباد کو دلچسپ مقابلے کے بعد 59 سے ہرا کر مسلسل تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اسلام آباد کی ٹیم 232 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ ملتان کے کپتان مطلوب قریشی کو 76 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔مہمان خصوصی سابق ٹیسٹ کرکٹر اور آئی سی سی میچ ریفری کرنل (ر) نوشاد علی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ تفصیلات کے مطابق چھٹی قومی ڈس ایبلڈ ٹی 20 کرکٹ چیمپئن شپ کا فائنل گزشتہ روز ملتان اور اسلام آباد کی ٹیموں کے درمیان راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ ملتان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنائے۔مطلوب قریشی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ماجد حسین نے 74 اور جہانزیب ٹوانہ نے 49 رنز بنائے۔
اسلام آباد کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے۔ عادل عباسی 51 اور عثمان پراچہ 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ملتان کی جانب سے محمد حارث نے تین جبکہ جہانزیب سلطان اور زبیر سلیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔مطلوب قریشی کو مرد میدان قرار دیا گیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کرنل (ر) نوشاد علی تھے۔ انہوں نے فاتح ٹیم کے کپتان مطلوب قریشی کو ٹرافی اور ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا۔ ماجد حسین کو ٹورنامنٹ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا، مطلوب قریشی بیسٹ بیٹسمین، جہانزیب ٹوانہ بیسٹ باؤلر اور واقف شاہ بیسٹ فیلڈر قرار پائے۔ اس موقع پر ریجنل ہیڈ کوچ صبیح اظہر، پی ڈی سی اے کے اعزازی سیکرٹری امیرالدین انصاری اور میڈیا مینجر محمد نظام بھی موجود تھے۔