ایڈیلیڈ ( سپورٹس لنک رپورٹ )چیتشوار پوجارہ کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز بنالئے۔ چیتشوار پوجارہ نے اس وقت اپنی ٹیم کو سنبھالہ دیا جب اس کے پہلے پانچ کھلاڑی 86 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ چیتشوار پوجارہ نے 123 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔یہ چیشتوار پوجارہ کے ٹیسٹ کیریئر کی 16 ویں سنچری تھی، اس کے علاوہ انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے 5 ہزار رنز بھی مکمل کرلئے۔ روہت شرما 37، ریشبا پانٹ اور روی چندرن ایشون بالترتیب 25، 25 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مچل سٹارک، جوش ہیزلووڈ، نیتھن لیون اور پیٹ کمنز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جمعرات کو آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ایڈیلیڈ میں شروع ہوا تو بھارت کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ لوکیش راہول اور مرلی وجے نے اننگز کا آغاز کیا۔ بھارت ٹیم کا آغاز کچھ خاص نہ تھا جب اس کے کپتان سمیت پانچ کھلاڑی 86 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ لوکیش راہول پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 2 رنز بناکر جوش ہیزلووڈ کی گیند پر آرون فنچ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔مرلی وجے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 11 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انکے بعد کپتان ویرات کوہلی بھی کوئی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ کئے بغیر 3 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر عثمان خواجہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اجنکیا رہانے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 13 رنز بناکر جوش ہیزلووڈ کی گیند پر پیٹر ہینڈزکامب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، روہت شرما پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 37 رنز بناکر نیتھن لیون کی گیند پر مارکوس ہیرس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، وکٹ کیپر ریشبا پانٹ چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 25 رنز بناکر نیتھن لیون کی گیند پر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انکے بعد چیتشوار پوجارہ اور روی چندرن ایشون کے درمیان ساتویں وکٹ کی شراکت میں قیمتی 62 رنز بنے تاہم اس موقع پر روی چندرن ایشون 25 رنز بنانے کے بعد پیٹ کمنز کی گیند پر پیٹر ہینڈز کامب کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے اس دوران چیتشوار پوجارہ نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کرلی۔ایشانت شرما آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 4 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ چیتشوار پوجارہ اپنی سنچری مکمل کرنے کے بعد بد قسمتی سے 123 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ میچ کے پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو بھارتی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹون کے نقصان پر 250 رنز بنالئے تھے۔ محمد شامی 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔ آسٹریلیا کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مچل سٹارک، جوش ہیزلووڈ، نیتھن لیون اور پیٹ کمنز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔