عمر اکمل کی والدہ انتقال کر گئیں

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستانی کرکٹرز کامران اکمل، عمر اکمل اور عدنان اکمل کی والدہ رضائے الہی سے انتقال کرگئیں۔عدنان اکمل نے اپنی والدہ کی وفات کی خبر ٹوئٹر پر دی اور لوگوں سے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی درخواست کی۔وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل ملتان میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران لاہور وائٹس اور راولپنڈی ریجن کے درمیان کھیلے جارہے میچ کے سلسلے میں گراؤنڈ میں موجود تھے جب انہیں ڈریسنگ روم میں بلا کر یہ خبر دی گئی۔جس کے بعد لاہور وائٹس اور راولپنڈی ریجن کی ٹیمیں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کے ڈریسنگ روم میں جمع ہوئیں اور اکمل برادران سے تعزیت کا اظہار کیا۔نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں عدنان اکمل لاہور بلیوز کی نمائندگی کر رہے ہیں، جس کا آج سہ پہر 3 بجے اسلام آباد ریجن کے ساتھ میچ شیڈول تھا۔تاہم ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں آج ہونے والے دونوں میچز 15 اوورز تک محدود کردیئے گئے۔کامران اکمل کے جانے کے بعد سلمان بٹ نے لاہور وائٹس کے کپتان کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

تعارف: newseditor