نئی دہلی (سپورٹس لنک رپورٹ) بھارتی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین شیکھر دھون آئندہ سال شیڈول انڈین پریمیئر لیگ میں دہلی ڈیئر ڈیولز کی نمائندگی کریں گے۔ وہ 10 برس بعد دہلی کی طرف سے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ انہوں نے سن رائزرز حیدرآباد سے دہلی میں شمولیت اختیار کی ہے۔دھون کے بدلے میں دہلی نے آل رائونڈر وجے شنکر، سپنر شہباز ندیم اور ابھیشیک شرما کو ریلیز کیا ہے۔سن رائزرز حیدرآباد کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق دھون باصلاحیت اور میچ ونر کھلاڑی ہیں، انہیں دہلی ڈیئر ڈیولز کیلئے ریلیز کرنا آسان نہیں تھا لیکن ہم نے بڑے دل کا مظاہرہ کیا تاکہ لیگ میں ساری ٹیمیں متوازن ہو سکیں اور شائقین کو سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں۔ دھون نے 2008ء میں آئی پی ایل کے افتتاحی ایڈیشن میں دہلی کی نمائندگی کی تھی۔