لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیر اہتمام پندرہویں خاورشاہ نیشنل ویمن بیس بال چیمپئن شپ کاعاشق حسین بیس بال سٹیڈیم بحریہ ٹاؤن میں آغاز ہوگیا ہے۔ ایونٹ میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخواہ، بلوچستان، اسلام آباد ، پاکستان آرمی ، پاکستان واپڈا، ایچ ای سی اور پاکستان پولیس کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔
پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سیکرٹری جنرل شیخ مظہر احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیمپئن شپ کے افتتاح کے موقع پر بحریہ ٹاؤن لاہور کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بریگیڈئیر (ر) خلیل اللہ بٹ مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ جوکہ بحریہ ٹاؤن لاہور کے ڈائریکٹر سپورٹس بھی ہیں نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔
شیخ مظہر احمد نے مزید بتا یا کہ سید فخر علی شاہ صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال نے مہمان خصوصی کا کھلاڑیوں سے تعارف کروایا۔ تعارف کے بعد مہمان خصوصی بریگیڈئیر(ر) خلیل اللہ بٹ نے بال پچ کرکے ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈئیر (ر) خلیل اللہ بٹ نے پندرہویں خاورشاہ نیشنل ویمن بیس بال چیمپئن شپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے پاکستان فیڈریشن بیس بال کی تعریف کی اور کہا کہ بحریہ ٹاؤن ایسے ایونٹس کو سپورٹ کرنے کے لئے تیار ہے ۔
ٹورنامنٹ کے پہلے روز تین میچ کھیلے گئے ۔ پہلے میچ میں پنجاب نے بلوچستان کو 15-5سے شکست دی۔ پنجاب کے لئے عائشہ ، مریم، حنا، اسماء، زینب اور فوزیہ نے دو رنز سکور کئے ۔ جبکہ ازرا ، صدف اور ہادیہ نے ایک رن سکور کیا۔ بلوچستان کے لئے زارا اور زارا علی نے دو رن سکور کئے جبکہ ماریہ نے ایک رن سکور کیا۔
ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ پاکستان پولیس اور سندھ کے درمیان کھیلا گیاجوکہ سندھ نے 23کے مقابلے میں 24رنز سے جیت لیا۔ سندھ کے لئے مہک ، حفصہ اور توشہ نے 4 رن سکور کئے ، حنا سرور نے 3رن سکور کئے ، حنا معین ، ماریہ، حنا علی اور ماہین نے دو رن سکور کئے جبکہ سائرہ نے ایک رن بنا کر اپنا حصہ ڈالا۔ پولیس کی جانب سے عقیلہ نے 4رن سکور کئے ، کرن، ایشاء ، اریج اور اقراء نے 3رن سکور کئے سدرہ اور کائنات نے 2رن سکورکئے جبکہ مہوش نے 1رن سکور کیا۔
تیسرے میچ میں پنجاب کی ٹیم نے اسلام آباد کی ٹیم کو12-1 سے ہرادیا۔ پنجاب کی جانب سے انوشا، عارفہ ، نجمہ ، عائشہ اور مریم نے 2رن سکور کئے جبکہ انیزہ اور وحیدہ نے 1رن بناکر اپنا حصہ ڈالا۔ اسلام کے لئے چمن مشتاق نے 1رن سکور کیا۔
کل کے میچز :
میچ نمبر 4 آرمی بمقابلہ سندھ 09:00AM
میچ نمبر 5 پنجاب بمقابلہ ایچ ای سی 11:00AM
میچ نمبر 6 کے پی کے بمقابلہ سندھ 02:00PM